پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آزادکشمیر کے الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا جس پر بڑے پیمانے کر پی ٹی آئی میں اختلافات پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ موجودہ حالات میں انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے، تحریک انصاف کا یہ فیصلہ کسی سیاسی فائدے یا نقصان کے حساب سے نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے ہینڈلر کالعدم ایکشن کمیٹی کے احتجاج کی پرانی ویڈیو شیئر کر کے انتشار پھیلانے لگے
اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ یہ فیصلہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی اور جمہوری اقدار کے احترام میں کیا گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف اس انتخابی عمل کا حصہ نہیں بنے گی۔
کشمیری عوام کے لیے آزاد، منصفانہ اور پُرامن سیاسی ماحول میسر ہونے تک اس عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔
تحریک انصاف کا کہنا ہےکہ آزادکشمیر اس وقت شدید بحران سے گزر رہا ہے، ہزاروں شہری راولاکوٹ سمیت مختلف علاقوں میں اپنے جائز مطالبات کے حق میں دھرنا دیے بیٹھے ہیں۔
ادھر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے آزاد جموں و کشمیر الیکشن کا بائیکاٹ کرنے پر اپنا موقف پیش کر دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بیرسٹر گوہر نے لکھا کہ پی ٹی آئی نے 27 جولائی 2026 کو آزاد جموں و کشمیر الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے، پارٹی قیادت اور اتحادیوں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پارٹی کے مطابق موجودہ حالات اور عوامی جذبات مدنظر رکھتے ہوئے بائیکاٹ کیا گیا، موجودہ حالات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف الیکشن کے تقاضوں سے مطابقت نہیں رکھتے۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رجسٹریشن کیس، سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کی ٹکٹ سفارشات اور متاثرہ امیدواروں کی اپیلوں پر کارروائی بھی معطل کر دی، تمام فیصلے ملک، قوم اور جمہوریت کے مفاد میں باہمی مشاورت سے کیے جا رہے ہیں۔
دوسری طرف سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت کے فیصلے پر بڑے پیمانے پر اختلافات کا خدشہ ہے کیونکہ جو امیدوار الیکشن کا ہوم ورک مکمل کرچکے ہیں وہ یہ فیصلہ تسلیم نہیں کرینگے۔




