آزادکشمیر الیکشن، انتخابی مہم کے دوران ہر ضلع کا دورہ کرونگا، بلاول بھٹو

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کے صدر چوہدری یاسین اور جنرل سیکرٹری و وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پیپلزپارٹی آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آئندہ قانون ساز اسمبلی کے انتخابات اور انتخابی مہم کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کے ٹکٹوں نے انتخابی پانسہ پلٹ دیا، کئی حلقوں میں معرکے کا نقشہ بدل گیا

اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے عوام میرے دل کے بہت قریب ہیں اور وہ انتخابی مہم کے دوران ہر ضلع کا دورہ کرکے عوام سے براہِ راست ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر ہی پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی گئی تھی اور انہوں نے عالمی سطح پر ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام کے مسائل کے حل کے لیے پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ انتخابی مہم کے سلسلے میں عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے اور پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور گھر گھر پہنچا کر عوام کا اعتماد حاصل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس، علی شان سونی پیپلزپارٹی سے مستعفی

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم سردار تنویرالیاس خان نے پاکستان پیپلزپارٹی سے علیحدگی اختیار کر لی ہے جس کے بعد چیئرمین پیپلزپارٹی آور آزادکشمیر کی قیادت نے لائحہ عمل پر مشاورت کی ہے اور اس کے بعد ہی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی گئی ہے۔