کشمیر بھر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کی کال مسترد، کاروبار اور زندگی معمول کے مطابق جاری

مظفرآباد کے شہریوں نے 4 اکتوبر کو دی جانے والی  کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی کال کو بیچ چوراہے مسترد کر دیا۔ اتوار کے روز کے باوجود تاجروں نے اپنی دوکانیں کھول کر یہ ثابت کیا کہ وہ ریاست مخالف کسی بھی سرگرمی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ 

شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایکشن کمیٹی کی طرف سے بار بار ہڑتالوں، جلسے جلوسوں اور جلاؤ گراؤ کی کالیں دے کر ریاست کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس لیے حکومت کو اس پر قانونی طور پر سخت ایکشن لینا چاہیے۔آزاد کشمیر بھر کی طرح کالعدم ایکشن کمیٹی کی شٹرڈاون کال ہٹیاں بالا میں بھی مسترد۔تمام  کاروباری مراکز کھلے ہیں،زندگی رواں دواں ہے۔

 شہریوں کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی 80 فیصد آبادی ریڑی بان یا مزدور پیشہ ہے، اور مسلسل ہڑتالوں کی وجہ سے غریب عوام اور بچوں کا چولہا جلانا مشکل ہو چکا ہے۔ عوام اب یہ سمجھ چکی ہے کہ ایکشن کمیٹی تعلیمی اور کاروباری نظام کو تباہ کر کے عوام کو پیچھے دھکیل رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی ہڑتال کال مسترد ،زندگی رواں دواں

جہلم ویلی اور دیگر اضلاع کی صورتحال:

آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع جن میں کوٹلی، بھمبر، میرپور، باغ، حویلی، نیلم اور جہلم ویلی شامل ہیں، وہاں بھی بازار، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز معمول کے مطابق کھلے رہے۔  کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی  کی جانب سے گزشتہ روز پورے آزاد کشمیر میں شٹر ڈاؤن اور مکمل لاک ڈاؤن کی کال دی گئی تھی، لیکن عوام نے اس کال کو مسترد کر دیا۔ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہٹیاں بالا کے مرکزی بازار میں دکانیں مکمل طور پر کھل چکی ہیں، ٹریفک کا نظام بالخصوص ہٹیاں بالا سے مظفرآباد کا روٹ مکمل طور پر رواں دواں ہے، اور تمام سرکاری دفاتر بھی معمول کے مطابق کھل چکے ہیں۔