ملک یوسف استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ،چوہدری یاسین کے مدمقابل ٹکٹ جاری

اسلام آباد:پیپلزپارٹی کو بڑا جھٹکا، ملک یوسف استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں اور انہیں کوٹلی شہر میں صدر پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری یاسین کے مدمقابل ٹکٹ جاری کردیا گیا ہے۔

گزشتہ الیکشن میں کوٹلی شہر کے حلقہ سے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری محمد یاسین کے مدِ مقابل ملک محمد یوسف نے سخت مقابلہ کیا تھا اور بعد ازاں پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر الیکشن میں انٹری دینے کو تیار، بڑا فیصلہ کر لیا

گزشتہ الیکشن میں ملک یوسف کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ آئندہ انتخاب میں چوہدری محمد یاسین شہر کے حلقے سے الیکشن لڑیں گے جبکہ ملک محمد یوسف کو راج محل سے پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔

گزشتہ انتخابات میںراج محل سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہونے والے ملک ظفر بھی پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے اور اب پارٹی قیادت نے راج محل کا ٹکٹ انہیں جاری کر دیاہے۔

ملک محمد یوسف نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ عبدالعلیم خان سے ملاقات کے بعد پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے، جبکہ انہیں کوٹلی شہر سے استحکام پاکستان پارٹی کا ٹکٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

یوں وہ ایک بار پھر چوہدری محمد یاسین کے مدمقابل انتخابی میدان میں اتریں گے دوسری طرف راج محل سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار وبانی رہنما ملک ذوالفقار بھی استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔

سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلع کوٹلی کے ان دونوں حلقوں میں ہونے والی یہ سیاسی تبدیلیاں نہ صرف مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لیے چیلنج بن سکتی ہیں بلکہ استحکام پاکستان پارٹی کو بھی انتخابی سیاست میں ایک نئی قوت کے طور پر سامنے لانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان حکومت سازی، پیپلزپارٹی اور استحکام پاکستان پارٹی سے اتحاد کا فیصلہ

آئی پی پی کے ترجمان کے مطابق گزشتہ روز صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے کوٹلی آزاد کشمیر ایل اے 8 سے مسلم لیگ ن کے سابق امیدوار اے جے کے اسمبلی ملک ذوالفقار علی اور کوٹلی شہر ایل اے 10 سے سابق امیدوار اے جے کے اسمبلی ملک محمد یوسف کی ملاقات اور استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر مسلم لیگی رہنما ملک محمد الیاس ،چوہدری امیر قابل ،ملک نظام اقبال منہاس، ملک محمد مشتاق، ملک سرمد علی ، چوہدری محمد اشرف ، ماجد ملک ایڈووکیٹ اور ملک خالد محمود جبکہ سابق صدر اساتذه تنظيم حافظ كاظم ملک بھی موجود تھے۔