جیو نیوز حساس ڈاکومنٹری معاملہ، پیمرا کا اسلامی نظریاتی کونسل سے رجوع

پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور کا اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا۔اجلاس میں پیمرا اتھارٹی کی جانب سے جیو نیوز کے خلاف 10محرم الحرام کی نشریات میں مقدس ہستیوں کی تصویری عکاسی سے متعلق بھیجا گیا معاملہ زیر غور آیا۔

کونسل آف کمپلینٹس نے فیصلہ کیا کہ پیمرا اتھارٹی کی تجاویز جمع کرانے سے قبل اس معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رائے طلب کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:پیمرا کا بروقت نوٹس اور جیو نیوز کی غلطی کا اعتراف : ایک مثبت اقدام ،مفتی طارق مسعود

کونسل نے سوال اٹھایا کہ آیا پیمرا کی جانب سے لائسنس کی معطلی اور جیو نیوز کی جانب سے پیش کی گئی معافی اور اقدامات اس معاملے میں کافی ہیں یا مزید کارروائی کی ضرورت ہے۔؟

اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اسلامی تعلیمات اور احکامات کی روشنی میں ایک ہفتے کے اندر اپنی رائے سے کونسل آف کمپلینٹس کو آگاہ کرے۔

اجلاس کے دوران جیو نیوز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اپنے وکلاء کے ہمراہ پیش ہوئے۔ انہوں نے ادارے کی جانب سے کئے گئے اقدامات سے کونسل کو آگاہ کیا اور لائسنس معطلی ختم کرنے کی درخواست بھی کی۔

پیمرا کونسل آف کمپلینٹس نے نے مذہبی جذبات سے متعلق معاملے کی حساسیت اور آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 19 کی روشنی میں اسلامی نظریاتی کونسل سے باضابطہ رہنمائی طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آرٹیکل 19 کے مطابق ہر شہری کو آزادیِ اظہارِ رائے اور اظہار کا حق حاصل ہے اور پریس کو بھی آزادی دی گئی ہے، تاہم یہ آزادی قانون کے تحت ایسی معقول پابندیوں کے تابع ہے جو اسلام کی عظمت کے مفاد سمیت دیگر آئینی تقاضوں کے لیے ضروری ہوں۔

اس تناظر میں کونسل آف کمپلینٹس نے اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی طلب کی ہے کہ آیا جیو نیوز کے معاملے میں پہلے سے جاری نشریات کی معطلی کا حکم، ادارے کی جانب سے پیش کی گئی عوامی معذرت اور اب تک کیے گئے اقدامات مجموعی طور پر مناسب اور کافی ردِعمل تصور کیے جا سکتے ہیں یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:جیونیوز کی حساس ڈاکیومنٹری بنانے اور منظور کرنیوالے افراد برطرف،پیمرا کو آگاہ کردیا

اگر یہ اقدامات ناکافی ہوں تو اسلامی تعلیمات اور احکامات کی روشنی میں مزید کس حد تک کارروائی مناسب ہوگی، اس بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی جائے۔

اسلامی نظریاتی کونسل سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی رائے 7 دن کے اندر، یعنی 8 جولائی 2026 تک، کونسل آف کمپلینٹس کو ارسال کرے۔

ایک انتہائی دانشمندانہ اقدام کے تحت، پیمرا (PEMRA) کونسل آف کمپلینٹس (شکایات کونسل) نے جیو ٹی وی پر مذہبی طور پر حساس اور قابلِ اعتراض مواد نشر کیے جانے کے معاملے پر اسلامی نظریاتی کونسل سے رہنمائی طلب کی ہے، جو کہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء پر مشتمل ایک آئینی ادارہ ہے۔

اس حساس مسئلے سے نمٹنے اور ایک معقول و منطقی نتیجے تک پہنچنے کے لیے، مختلف اداروں کے مابین خیالات اور آراء کا یہ شفاف تبادلہ ایک غیر معمولی اور انتہائی قابلِ تحسین قدم ہے۔