ریاض میں گزشتہ شام ڈبلیو ڈبلیو ای نائٹ آف چیمپئنز ایونٹ کا انعقاد کیا گیا جس کا اہتمام جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے ریاض سیزن کے تحت کنگڈم ایرینا میں کیا، جہاں شاندار ماحول میں شائقین کی ایک بڑی تعداد شامل ہوئی۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق مین ایونٹ میں ٹرپل تھریٹ میچ میں سمیع زین کوڈی روڈز اور گنتھر کو شکست دے کر نئے چیمپیئن بن گئے۔
یہ بھی پڑھیں: جان سینا کے ڈبلیو ڈبلیو ای کے یادگار کیریئر کا جذباتی اختتام،آخری میچ میں کیا ہوا؟
سمیع زین روایتی سعودی لباس ثوب پہن کر ہال میں داخل ہوئے تو تماشائیوں نے کھڑے ہو کر اُن کا زبردست استقبال کیا اور جیت کے بعد انہوں نے ہجوم کے ساتھ مل کر کامیابی کا جشن منایا جو اس شام کا سب سے یادگار لمحہ بن گیا۔
ایونٹ میں اوبا فیمی نے جے اُوسو کو شکست دے کر 2026 کنگ آف دی رنگ کا اعزاز اپنے نام کیا جبکہ آئیو سکائی نے لیو مورگن کو ہرا کر 2026 کوئین آف دی رنگ کا ٹائٹل جیت لیا جس کے بعد وہ سمر سلیم میں ویمنز ورلڈ چیمپیئن شپ کا میچ بھی کھیلیں گی۔
دوسری جانب ٹِرک ولیمز نے رِکی سینٹس کے خلاف میچ جیت کر یونائیٹڈ سٹیٹس چیمپیئن شپ کے ٹائٹل کا دفاع کیا۔ ٹِفنی سٹریٹن نے جیڈ کارگِل کو ہرا کر ویمنز چیمپیئن شپ کے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا جبکہ سیتھ رولنز نے سِٹیل کیج میچ میں برون برِیکر کو شکست دی۔
یہ ایونٹ سعودی عرب میں منعقد ہونے والے ان بڑے عالمی مقابلوں کے سلسلے کی کڑی ہے جس کا مقصد مملکت کھیلوں اور تفریح کی دنیا کا ایک بہترین مرکز بنانا اور دنیا بھر سے مشہور ستاروں اور فینز کو یہاں لانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عائشہ بلوچ نےفائنل میں بھارتی ریسلر کو دھول چٹا دی، گولڈ میڈل نام کر لیا
یاد رہے کہ سمیع زین کینیڈا سے تعلق رکھنے والے پروفیشنل مسلم ریسلر ہیں اور ان کے والدین کا تعلق لبنان سے ہےاورا نہوں نے 2002میں ریسلنگ کا آغاز کیا ہے۔انہوں نے انٹرویوز میں اپنی مسلم شناخت پر فخر کا اظہار کیا ہے۔



