تاجر

کالعدم ایکشن کمیٹی کا دبائو مسترد،تراڑکھل کے تاجروں کا کل سے تمام بازار کھولنے کا اعلان

تراڑکھل (کشمیر ڈیجیٹل) تراڑکھل کی تاجر برادری نے کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ کل بروز پیر سے شہر بھر میں تمام بازار اور کاروباری مراکز معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

تاجر یونین اتحاد کے مطابق کاروباری سرگرمیوں کی مسلسل بندش سے تاجروں اور عام شہریوں کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس لیے باہمی مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بازار معمول کے مطابق کھولے جائیں گے تاکہ تجارتی سرگرمیاں بحال ہو سکیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان ، تعارف عباس سمیت تمام اہم عہدیداران کا کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی ختم کرنے کا اعلان

کالعدم ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں نے تاجر برادری سے ملاقاتیں اور ان پر دبائو ڈالنے کی بھر پور کوشش کی تاہم تراڑ کھل کے غیور تاجروں نے اپنا مؤقف تبدیل کرنے سے انکار کرتے ہوئے واضح کر دیا کہ وہ طے شدہ فیصلے کے مطابق کل سے تمام کاروبار کھول دیں گے۔

تاجر نمائندوں کا کہنا ہے کہ کاروبار کی مسلسل بندش نہ صرف تاجروں بلکہ دیہاڑی دار طبقے، مزدوروں اور عام شہریوں کے لیے بھی مشکلات کا باعث بن رہی ہے، اس لیے معمولاتِ زندگی کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سی ایم ایچ راولاکوٹ پر دھاوا ،معصوم جانوں کے ضیاع کے پیچھےکالعدم ایکشن کمیٹی کا ہاتھ سامنے آگیا

تاجروں کے اس فیصلے کے بعد علاقے کی مجموعی صورتحال میں اہم تبدیلی متوقع ہے، جبکہ کل پیر کے روز بازاروں کے کھلنے کے بعد زمینی صورتحال مزید واضح ہو جائے گی۔