دارالحکومت مظفرآباد میں ٹرانسپورٹ سروسز بحال، نیو بس اسٹینڈ کھل گیا

دارالحکومت مظفرآباد سمیت آزاد جموں و کشمیر بھر میں ٹرانسپورٹ سروسز کو مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے، جس سے طویل عرصے سے پریشان شہریوں اور مسافروں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔

یہ بحالی گزشتہ روز صدر مدینہ مارکیٹ بازار ابرار مصطفی اور صدر ٹرانسپورٹ یونین خواجہ اعظم رسول کی جانب سے کی جانے والی ایک اہم مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں انہوں نے ہر قسم کی ٹرانسپورٹ چلانے اور تمام بازاروں کو باقاعدہ طور پر مکمل کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ اس مشترکہ فیصلے کے بعد آج مظفرآباد کا مرکزی نیو بس اسٹینڈ ہر قسم کی چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے کھل گیا ہے اور آزاد کشمیر بھر کے مختلف اندرونی و بیرونی روٹس پر پرائیویٹ اور پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کا پہیہ دوبارہ چل پڑا ہے۔ دارالحکومت کی سڑکوں پر ایک بار پھر پبلک ٹرانسپورٹ فراٹے بھرتی دکھائی دے رہی ہے اور مسافروں کی روانگی کا سلسلہ بلا تعطل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کل سے پورے مظفرآباد میں تمام بازار اور کاروباری مراکز کھل جائیں گے۔تاجر برادری کا اعلان

ٹرانسپورٹ اور کاروباری پہیہ چلنے کے ساتھ ہی شہر بھر کے بازاروں کے شٹر کھل گئے ہیں اور تجارتی رونقیں پوری طرح لوٹ آئی ہیں۔ مظفرآباد کے مضافاتی علاقوں کے رہائشیوں نے بھی بڑی تعداد میں شہر کا رخ کر لیا ہے، جس کے باعث مدینہ مارکیٹ، سیکرٹریٹ، حیدری بازار، کچہری روڈ، اپر لوئر پلیٹ اور چہلہ بازار سمیت دیگر اہم تجارتی مراکز میں اتوار کی چھٹی کے باوجود خریداروں کا شدید رش دیکھنے کو مل رہا ہے۔ تاجر برادری اور ٹرانسپورٹ یونین کے اس مشترکہ اقدام کی بدولت شہر میں زندگی معمول پر آ گئی ہے۔

مزید پڑھیں: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے میرپور کے تاجروں کی مکمل لاتعلقی، پریس کانفرنس میں اہم بیان