ایکشن کمیٹی

ہجیرہ ،عوامی سطح پر بڑا فیصلہ، شہریوں نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کو مکمل طور پر مسترد کر دیا

ہجیرہ (کشمیر ڈیجیٹل)ہجیرہ اور اس کے مضافاتی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے، بھائی چارے کو فروغ دینے اور ریاستی رٹ کو ہر قیمت پر برقرار رکھنے کے لیے عوامی سطح پر ایک بہت بڑا اور انتہائی اہم فیصلہ سامنے آیا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق ہجیرہ کے غیور شہریوں، علاقے کے مقتدر معززین، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور تاجر برادری نے ایک اہم اور مشترکہ مشاورتی اجلاس کے بعد متفقہ طور پر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے تمام ایجنڈے، پالیسیوں اور سرگرمیوں کو تسلیم کرنے سے صاف انکار کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔

مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ان نمائندوں کا کہنا ہے کہ خطے میں کسی بھی ایسی سرگرمی یا احتجاج کی اجازت نہیں دی جا سکتی جس سے عام شہریوں کا امن سکون برباد ہو، کاروباری سرگرمیاں معطل ہوں یا قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کی جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سہنسہ ، درجنوں خاندانوں کا کالعدم ایکشن کمیٹی سے لاتعلقی کا اعلان
تاجر برادری نے واضح کیا کہ ماضی میں ہونے والی ہڑتالوں اور احتجاجی کالز کی وجہ سے مقامی معیشت اور دیہاڑی دار طبقے کو شدید نقصان پہنچا، جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

معززینِ علاقہ نے اپنے مشترکہ بیان میں اس بات پر زور دیا کہ ہجیرہ کی عوام تعمیر و ترقی، امن اور قانون کی بالادستی چاہتی ہے۔

شہریوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والی کسی بھی غیر قانونی مہم کا حصہ نہیں بنا جائے گا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں اشیائے خوردو نوش کی بندش پر ویڈیو کا معاملہ، یوٹیوبر شہبازاعجاز کا وضاحتی بیان جاری
اس متفقہ فیصلے کے بعد ہجیرہ اور گردونواح میں تجارتی مراکز معمول کے مطابق کھلے ہیں اور عوامی سطح پر اس فیصلے کو علاقے کے وسیع تر مفاد میں ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔