اثرات

حکومت نے کمرشل طیاروں کے جیٹ فیول کی قیمت میں بڑی کمی کر دی

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار ہیں تاہم عوام کے لیے ایک اچھی خبر یہ ہے کہ جیٹ فیول کی قیمت میں کمی کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے ایئرلائنز کو ریلیف دیتے ہوئے کمرشل طیاروں میں استعمال ہونے والے جیٹ فیول کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے فی لٹر کمی کر دی ہے۔ اس کمی کے بعد جیٹ فیول کی نئی قیمت 231 روپے 72 پیسے فی لٹر مقرر ہو گئی ہے۔

قیمتوں میں کی جانے والی اس کمی سے ایئرلائنز کے ایندھن کے اخراجات میں نمایاں بچت متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق جیٹ فیول کی قیمت میں کمی سے فضائی کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات کم ہوں گے، جس کے مثبت اثرات فضائی شعبے پر مرتب ہونے کی توقع ہے۔ یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی سے قبل جیٹ فیول کی قیمت تقریباً 188 روپے فی لٹر تھی۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ:

دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آئندہ ایک ہفتے کے لیے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن اور اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 299 روپے 50 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر پر برقرار رکھی گئی ہے جس میں کوئی ردوبدل نہیں کیا گیا۔

مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی کمی:

جیٹ فیول کے ساتھ ساتھ مٹی کا تیل 6 روپے 85 پیسے فی لیٹر سستا کر دیا گیا ہے۔ اوگرا نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے اور مٹی کے تیل کی قیمت کم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمت 227 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آج پھرکمی ، وزیراعظم منظوری دیں گے