کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم ہو گیا ہے۔ پہلے ٹی20 میچ میں آئرلینڈ نے بھارت کو 34 رنز سے شکست دے کر پہلی بار مینز انٹرنیشنل کرکٹ میں بھارتی ٹیم کے خلاف تاریخی فتح اپنے نام کر لی ہے۔
جمعہ کو کھیلی گئی اس جیت کے ساتھ ہی آئرلینڈ نے 2 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ویمنز ٹی 20 ورلڈکپ،کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر گل فیروزہ کی سرزنش، ڈی میرٹ پوائنٹ مل گیا
آئرلینڈ اور بھارت کے درمیان ماضی میں کھیلے گئے 11 ون ڈے اور ٹی20 میچوں میں بھارتی ٹیم کا پلڑا ہمیشہ بھاری رہا تھا اور وہ ناقابل شکست تھی لیکن اسٹورمونٹ کرکٹ گراؤنڈ میں میزبان ٹیم نے تمام تر پیشگوئیوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز کا ہدف دیا۔
لورکن ٹکر نے 36 گیندوں پر 50 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیاجبکہ گیرتھ ڈیلانی نے 32 گیندوں پر 49 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اسکور کو ایک مستحکم پوزیشن تک پہنچایا۔
بھارت کی جانب سے ہرشیت رانا نے بہترین بولنگ کرتے ہوئے 24 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، تاہم پرسدھ کرشنا کے لیے یہ میچ انتہائی مہنگا ثابت ہوا، جنہوں نے 4 اوورز میں 57 رنز دئیے۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت نے ابھیشیک شرما کی بدولت جارحانہ آغاز کیا، جنہوں نے صرف 20 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کر کے میچ میں بھارت کی گرفت مضبوط کر دی تھی تاہم ان کے آؤٹ ہوتے ہی بھارتی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔
آئرلینڈ کے بولرز میتھیو ہولارڈ اور میتھیو ہمفرے نے 3، 3 وکٹیں لے کر بھارتی مڈل آرڈر کی کمر توڑ دی جس کے نتیجے میں پوری بھارتی ٹیم 19ویں اوور میں 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ،جرمنی کو شکست ، ایکواڈور نے ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی
یہ شکست بھارتی کپتان شریاس آئیر اور ان کی ستاروں سے سجی ٹیم کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔
واضح رہے کہ اس ہار نے بھارتی ٹیم کے دباؤ کو واضح کر دیا ہے۔ سیریز کا دوسرا اور آخری ٹی20 میچ اتوار 28 جون کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا، جہاں بھارت سیریز میں کلین سویپ سے بچنے کے لیے اپنی پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گا۔



