پٹرول

حکومت کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ

حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنےکا فیصلہ کیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 299 روپے 50 پیسے برقرار رکھی گئی ہے۔ ڈیزل کی قیمت بھی 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے گزشتہ ہفتے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کردی تھی اور پیڑول کی قیمت میں 74 روپے کمی کے بعد فی لیٹر قیمت 299 روپے 50 پیسے مقرر کی تھی۔ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے کی کمی کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں فی لیٹر قیمت کم ہو کر 311 روپے 47 پیسے ہوگئی تھی۔

حکومت نے گزشتہ ہفتے مقرر کی گئیں قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتیں ایران-امریکا جنگ سے پہلے کی سطح سے بھی کم ہوگئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی، بیرسٹر عقیل نے عوام کو خوشخبری سنا دی

دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل 68.65 ڈالر فی بیرل، برینٹ کروڈ 71.52 ڈالر فی بیرل جبکہ ابوظہبی مربان کروڈ 65.98 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی طلب و رسد اور بین الاقوامی مارکیٹ کے رجحانات خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی بنیادی وجوہات ہیں، جس کے باعث کئی ممالک میں ایندھن کی قیمتوں میں بھی کمی متوقع ہے۔

ادھر وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے قبل ازیں کہا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام کو منتقل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف عوام کو براہ راست فائدہ ہوگا بلکہ ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہونے سے دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اسی طرح وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے بھی گزشتہ روز اشارہ دیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان موجود ہے۔