آزاد جموں و کشمیر کے سیاسی و انتخابی حلقوں میں بڑی ہلچل، قائم مقام صدرِ ریاست چوہدری لطیف اکبر کے لیے انتخابی میدان میں اترنے کی راہ ہموار نہ ہو سکی۔ متعلقہ فورم نے ریٹرننگ آفیسر کے ابتدائی فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی جانب سے دائر کردہ اپیل کو مسترد کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ریٹرننگ آفیسر نے انتخابی حلقہ ایل اے 31 مظفرآباد 5 کھاوڑہ سے چوہدری لطیف اکبر کے بطور امیدوارِ اسمبلی کاغذاتِ نامزدگی مسترد کر دیے تھے۔ ریٹرننگ آفیسر نے اعتراضات پر دونوں فریقین کے وکلاء کی تفصیلی بحث کی سماعت مکمل کرنے کے بعد اپنے تحریری فیصلے میں دوٹوک موقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری لطیف اکبر جب تک صدرِ ریاست کے آئینی اور اعلیٰ عہدے پر موجود ہیں، وہ الیکشن میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر کے حلقہ کھاوڑہ سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد
اب اپیل مسترد ہونے کے بعد ریٹرننگ آفیسر کا یہ فیصلہ حتمی حیثیت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث قائم مقام صدر کی حلقہ ایل اے 31 سے انتخابی شمولیت قانونی طور پر ختم ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے سلسلے میں انتخابی عمل کا ایک اور اہم مرحلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے تحت آج امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی باقاعدہ جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ اس سے قبل، کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ 23 جون شام 5 بجے مکمل ہو گیا تھا۔ مظفرآباد کے مختلف حلقوں میں ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات کی اسکروٹنی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس اہم مرحلے کے دوران تمام امیدواروں کے جمع کرائے گئے دستاویزات اور قانونی تقاضوں کو باریک بینی سے پرکھا جا رہا ہے تاکہ انتخابی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔




