قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر کے حلقہ کھاوڑہ سے کاغذاتِ نامزدگی مسترد

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے جاری جانچ پڑتال کے مرحلے سے اس وقت بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ انتخابی حلقہ کھاوڑہ سے امیدوار اور قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر کے کاغذاتِ نامزدگی ریٹرننگ افسر کی جانب سے مسترد کر دیے گئے ہیں۔

اس وقت انتخابی حلقوں میں اسکروٹنی کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، جہاں قانونی تقاضوں اور دستاویزی امور کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اسی اسکروٹنی کے دوران قائم مقام صدر کے حلقہ کھاوڑہ سے جمع کرائے گئے انتخابی کاغذات کو مسترد کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر انتخابات : امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع

قائم مقام صدر کی جانب سے اپیل دائر، سماعت جاری:

اپنے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کیے جانے کے فوری بعد قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبر نے الیکشن کمیشن کے متعلقہ فورم کے سامنے اس فیصلے کے خلاف باقاعدہ اپیل دائر کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق قائم مقام صدر کی جانب سے دائر کی گئی اس اپیل پر اس وقت باقاعدہ سماعت جاری ہے، جہاں ان کی قانونی ٹیم ریٹرننگ افسر کے اعتراضات کے خلاف دلائل پیش کر رہی ہے۔ اس اپیل کے فیصلے کے بعد ہی حلقہ کھاوڑہ سے ان کے الیکشن لڑنے یا نہ لڑنے کی حتمی صورتحال واضح ہو سکے گی۔