آبنائے ہرمز پر کوئی ملک ٹول یا فیس عائد نہیں کر سکتا، مارکو روبیو

ایران امریکا معاہدے پر خلیجی اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے لیے امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو ابوظہبی پہنچ گئے۔امریکی میڈیا کے مطابق خلیجی ممالک کو امریکا کی جانب سے سکیورٹی کی یقین دہانیاں دینے کا امکان ہے ۔

ابوظہبی پہنچنے پر امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے ایک بار پھر کہا کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے ، عالمی قوانین کے مطابق کسی ملک کو آبنائے ہرمز پر ٹول یا فیس عائد کرنے کی اجازت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی فائٹر پائلٹ کے ایرانی ڈرونز سے متعلق انکشافات نے کھلبلی مچا دی

امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز پر کوئی ملک ٹول یا فیس عائد نہیں کر سکتا، عالمی آبی راستے پر ٹیکس یا فیس لگانا بین الاقوامی قانون کے خلاف ہے۔ خطے کے تمام ممالک امریکا کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہیں۔

مارکو روبیو نے کہا کہ ایران کو انقلابی تحریک کے بجائے بطور ریاست کام کرنا ہوگا، ایران ریاست کے طور پر کام کرے تو بڑی ترقی کے مواقع ہیں، خطے میں جب تک ایرانی پراکسیز حملے کریں گے کشیدگی ختم نہیں ہو سکتی۔

یہ بھی پڑھیں:جوہری تنصیبات کا معائنہ نہ کرانے پر ٹرمپ کی ڈیل منسوخ کرنے کی دھمکی

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ عراق سے میزائل اور ڈرون حملے علاقائی امن کیلئے بڑا خطرہ ہیں، عراق میں بھی حماس، حزب اللہ جیسے گروہ دہشتگردی میں ملوث ہیں، امریکا ایران بات چیت میں یہ موضوع بھی جلد زیر بحث آئے گا۔

واضح رہے کہ عمان اور ایران نے منگل کے روز ایک مشترکہ اعلامیے میں کہا تھا کہ دونوں ممالک آبنائے ہرمز کے مستقبل کے انتظام اور فراہم کی جانے والی خدمات کے عوض وصول کی جانے والی فیس کا جائزہ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی صدر کی اہم ملاقات،پاکستان کی امن کوششوں کا اعتراف