اسلام آباد:مسلم لیگ(ن) آزادکشمیر کے ٹکٹوں کی تقسیم پرکئی مسلم لیگی رہنمائوں نے بغاوت کرکے آزاد الیکشن لڑنے فیصلہ کرلیا ہے جبکہ کچھ نے اڑان کی تیاری بھی بھر لی ہے۔
اس حوالے سے پہلی پیشرفت وسطی باغ سے سامنے آئی ہےجہاں مشتاق منہاس کو ٹکٹ جاری کرنے پر امیدوار اسمبلی بریگیڈیئر (ر) محمد خان نے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ(ن) اور مسلم کانفرنس نے ماجد خان کے حلقہ میں اتحاد کر لیا
ذرائع کے مطابق بریگیڈیئر (ر) محمد خان حلقہ وسطی باغ سے جماعت اسلامی کے امیدوار ہوں گے جبکہ سابق امیر جماعت اسلامی عبدالرشید ترابی اور سابق وزیر حکومت ومسلم لیگی رہنماراجہ محمدیاسین بھی ان کی حمایت کریں گے۔
اس حوالے سے گزشتہ روز جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان کی زیر صدارت مرکز جماعت اسلامی میں اجلاس ہواجس میں سابق امیر جماعت اسلامی عبد الرشید ترابی،سابق وزیر حکومت راجہ محمد یاسین اور بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد خان شریک ہوئے۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق طویل مشاورت کے بعد تمام رہنمائوں نے حلقہ وسطی باغ کے انتخاب کیلئے ایک جامع اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر مکمل اتفاق کیا۔
جماعت اسلامی کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں اس حوالے سے کوئی ذکر نہیں کیا گیا کہ آیا کیا حکمت عملی طے کی گئی ہے لیکن ذرائع نے تصدیق کی ہے، اجلاس میں حکمت عملی طے کی گئی ہے بریگیڈیئر(ر) محمد خان کووسطی باغ سے میدان میں اتارا جائیگا جس کا اعلان آئندہ ایک دو روزمیں متوقع ہے۔
بریگیڈیئر(ر) محمد خان کے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑنے اوردو سینئر سیاستدانوں کی حمایت سے ان کی پوزیشن مستحکم ہوسکتی ہے جس سے مسلم لیگ(ن) کے اہم رہنما مشتاق احمد منہاس کی سیٹ خطرے میں پڑ سکتی ہے کیونکہ وہاں بریگیڈیئر (ر) محمد خان کی برادری کا بڑا ووٹ بینک ہے، دوسری طرف راجہ یاسین کی حمایت بھی ان کے ووٹ بینک کو دوگنا کردیگی۔
مسلم لیگ(ن) کو حلقہ وسطی باغ کے علاوہ بھی کئی حلقوں میں پرانے ونظریاتی رہنمائوں کی طرف سےسخت ردعمل کا سامنا ہے اور کئی رہنماہرصورت الیکشن لڑنے کااعلان کرچکے ہیں۔
حلقہ کھاوڑہ مظفرآبادمیں ثاقب مجید راجا کو ٹکٹ جاری کرنےپر تمام پرانے لیگی امیدوار متحد ہوچکے ہیں اور اعلان کیا ہے کہ ہرصورت متحد ہوکر الیکشن لڑیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن لچھراٹ کا ٹکٹ کیلئے غلام مرتضیٰ علی گیلانی کی حمایت کا اعلان
مظفرآباد کے ہی حلقہ لچھراٹ سے گزشتہ روزسینئر سیاستدان مرتضی گیلانی نے چوہدری شہزاد کو ٹکٹ دینے پر اعلان بغاوت کیا ہے اور ہر صورت الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔
مسلم لیگ(ن) کو حلقہ ڈڈیال سمیت کئی اور حلقوں میں بھی کارکنوں کی طرف سے سخت ردعمل کا سامنا ہے اور الیکشن میںنقصان ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
اڑان بھرنے والے لیگیوں کو مسلم کانفرنس اوراستحکام پاکستان پارٹی جو آزادکشمیر میں انٹری دینے جارہی کے ٹکٹس ملنے کے روشن امکانات ہیں۔




