ساؤتھمپٹن:آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کا سلسلہ برقرار ہے ۔ ایک اہم مقابلے میں بنگلادیش ویمن نے پاکستان ویمن ٹیم کو 23 رنز سے شکست دے دی ۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کی یہ مسلسل تیسری ناکامی ہے، جس سے اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے کی امیدوں کو شدید جھٹکا لگا ہے ۔
بنگلادیش کی جانب سے دیے گئے 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم مقررہ اوورز میں صرف 100 رنز تک محدود رہی ۔
پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت:
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمن ٹیم کا آغاز اچھا نہ رہا اور بنگلادیشی بولرز کے سامنے بیٹرز مسلسل دباؤ کا شکار نظر آئیں۔ اوپنر منیبہ علی 25 اور گل فیروزہ 23 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھا سکیں جبکہ کپتان فاطمہ ثنا بھی صرف 10 رنز ہی بنا پائیں۔ ان تینوں کے علاوہ کوئی بھی بیٹر ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکی ۔
بنگلادیش کی جانب سے ناہیدہ اختر اور سنجیدہ اختر میگھلا نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا اور تین، تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر پاکستان کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔
بنگلادیش کی اننگز اور شورنا اختر کی ذمہ دارانہ بیٹنگ:
اس سے قبل بنگلادیش ویمن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنائے۔ بنگلادیش کی جانب سے مڈل آرڈر بیٹر شورنا اختر نے 39 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، جبکہ کپتان نگار سلطانہ نے 36 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ٹیم کو ایک مستحکم اسکور تک پہنچایا ۔
پاکستان کی جانب سے کپتان فاطمہ ثنا نے بولنگ میں بھی فرنٹ سے لیڈ کیا اور 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سعدیہ اقبال، نشرح سندھو اور طوبیٰ حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان کی صورتحال:
میگا ایونٹ میں پاکستان ویمن ٹیم کا سفر اب تک انتہائی مایوس کن رہا ہے ۔ بنگلادیش سے قبل جنوبی افریقا اور روایتی حریف بھارت بھی پاکستان کو عبرتناک شکست کا مزہ چکھا چکے ہیں اور اب اس لگاتار تیسری ہار نے ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ۔



