اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) ایران ،امریکہ کامیاب معاہدے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان اہم ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔
دنوں ممالک کے سربراہان کے ٹیلیفونک رابطے میں خطے کی صورتحال، ایران امریکا امن معاہدے اور دوطرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایران امریکا معاہدے کی کامیابی پر مبارک باد دی اور پاکستانی کردار کو سراہا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بھارتی ایجنڈا،افواج پاکستان میں دراڑ ڈالنے کی کوشش ، خواجہ مہران پر بغاوت کا مقدمہ درج
وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو تاریخی اسلام آباد امن معاہدے پر دستخط کی مبارک باد پیش کی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک کاوشوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں امن معاہدہ کامیابی سے طے پایا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایران امریکا معاہدے کے اگلے مرحلے کو کامیابی سے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی کوشش کے خلاف مکمل طور پر چوکس رہا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب جامع اقتصادی پیکج کو حتمی شکل دینے اور اس پر دستخط کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو اپنی سہولت کے مطابق پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دہرائی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ کے رہائشی محمد نسیم کیانی کی اپنے بیٹے کی بازیابی کیلئے قومی اداروں سے فوری اقدامات کی اپیل
اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں باہمی رابطے اور قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان باقی ماندہ مسائل بھی مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کی مضبوط حمایت کے باعث امن معاہدہ چند ماہ کے اندر ممکن ہو سکا۔ انہوں نے امن کوششوں میں سعودی ولی عہد کی مستقل حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے بحران کے دوران سعودی عرب کی دانشمندانہ اور مدبرانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک خطے میں امن، استحکام اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہیں۔




