فیصل واوڈا

امریکا ایران امن معاہدہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی وجہ سے ممکن ہوا :فیصل واوڈا

سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والا حالیہ امن معاہدہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ہی ممکن ہو سکا ہے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس تاریخی امن معاہدے کے پیچھے بنیادی کردار فیلڈ مارشل کا ہی ہے ۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اس اہم ترین معاہدے کا ابتدائی خاکہ (ڈرافٹ) خود فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تیار کیا تھا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عاصم منیر نے اس حساس اور اہم ترین دستاویز کو کسی دوسرے پر چھوڑنے کے بجائے اپنے ذاتی لیپ ٹاپ پر خود ٹائپ کیا ، جو ان کی اس معاملے میں گہری دلچسپی اور سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیض حمید بانی پی ٹی آئی کیخلاف گواہی دینے جا رہے ہیں، فیصل واوڈا کا دعویٰ

دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے صوبہ سندھ کے وزیرِ بلدیات ناصر حسین شاہ نے بھی فیصل واوڈا کے موقف کی تائید کی ۔ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک یا دو رائے نہیں ہیں کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس امن معاہدے کو حقیقت کا روپ دینے میں انتہائی کلیدی اور تاریخی کردار ادا کیا ہے ۔

تاہم انہوں نے یہ بات بھی واضح کی کہ اس عظیم سفارتی کامیابی میں فیلڈ مارشل کے ساتھ ساتھ ملک کی سول قیادت، بشمول وزیراعظم، نائب وزیراعظم اور وزیرِ داخلہ کی مشترکہ کاوشیں اور کوششیں بھی برابر کی شریک ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا معاہدہ’’ فیلڈ مارشل رئیل پیس میکر‘‘ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کرنے لگا

ادھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہد خٹک نے بھی اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ انہوں نے بھی ایران اور امریکہ کے مابین ہونے والے اس امن معاہدے کو پاکستان کی ایک بہت بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا ۔