غلاف تبدیل

مکہ مکرمہ : نئے اسلامی سال کے آغاز پر غلافِ کعبہ کی تبدیلی کے روح پرور مناظر

سعودی عرب میں نئے اسلامی سال کے آغاز کے ساتھ ہی بیت اللہ شریف کا غلاف تبدیل کر دیا گیا ہے ۔

مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام میں غلافِ کعبہ (کسوہ) کی تبدیلی کی ایک انتہائی پروقار اور ایمان افروز تقریب منعقد ہوئی ۔ اس موقع پر خصوصی طور پر تیار کردہ نیا غلافِ کعبہ ’’کسوہ فیکٹری ‘‘ سے پورے احترام کے ساتھ مسجد الحرام لایا گیا ۔

اس مقدس اور اہم کام کو سرانجام دینے کے لیے کسوہ فیکٹری کے 250 ماہر کاریگروں اور حرمین انتظامیہ کے تجربہ کار ملازمین نے حصہ لیا۔ ماہرین کی اس ٹیم نے انتہائی مہارت اور عقیدت کے ساتھ پرانے غلاف کو اتارا اور اس کی جگہ نیا غلاف نصب کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، نئے سال پرغلاف کعبہ تبدیل

غلاف کی تبدیلی کا یہ پورا عمل تقریباً 4 گھنٹوں کی مسلسل محنت کے بعد مکمل کیا گیا۔ جب یہ تقریب جاری تھی، تو مسجد الحرام میں موجود زائرین بغیر کسی رکاوٹ کے معمول کے مطابق طواف اور اپنی عبادات میں مصروف رہے، اور انتظامیہ نے زائرین کے آرام کا پورا خیال رکھا ۔

یاد رہے کہ ماضی میں غلافِ کعبہ تبدیل کرنے کا وقت الگ تھا۔ سال 2022 سے پہلے تک یہ سالانہ تقریب ہر سال حج کے دوران 9 ذی الحجہ کی صبح کو ہوتی تھی ۔ اس وقت تمام حجاج کرام حج کا اہم ترین رکن ادا کرنے کے لیے میدانِ عرفات روانہ ہو چکے ہوتے تھے، جس کی وجہ سے مسجد الحرام بالکل خالی ہوتی تھی اور انتظامیہ کو کام کرنے میں آسانی ہوتی تھی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مسجد الحرام میں غلافِ کعبہ تبدیلی کی تقریب آج منعقد ہوگی

تاہم، 2022 میں سعودی حکومت نے اس روایت کو تبدیل کیا۔ اب یہ تقریب ہر سال نئے ہجری سال کے پہلے دن یعنی یکم محرم الحرام کو منعقد کی جاتی ہے ۔ اس تبدیلی کا مقصد نئے سال کا استقبال اس بابرکت اور مقدس عمل سے کرنا ہے ۔