بازل نقوی

کشمیری عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں : بازل علی نقوی

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل )آزاد کشمیر کے وزیر حکومت سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ کشمیریوں اور پاکستان کا رشتہ انتہائی مضبوط اور لازوال ہے ۔

آزاد کشمیر کے موجودہ حالات کو اگر مختلف زاویوں سے دیکھا جائے تو یہ بات بالکل واضح ہو جاتی ہے کہ سو فیصد کشمیری عوام کا نظریہ وہی ہے جو عظیم رہنما سید علی گیلانی کا تھا۔ ہم سب سچے پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا اپنا ملک ہے ۔

کشمیر ڈیجیٹل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے دنیا بھر میں بسنے والے تمام پاکستانیوں اور کشمیریوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جو ہمارے لوگ پاکستان کے سبز پاسپورٹ پر پوری دنیا میں سفر کر رہے ہیں اور محنت مزدوری کر کے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں، میں ان سب کی کامیابی اور سلامتی کے لیے دعا گو ہوں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:خطے میں بالادستی کا بھارتی خواب چکنا چور کردینگے، سید بازل علی نقوی

یہ سبز پاسپورٹ دنیا بھر میں ہماری پہچان اور ہمارا فخر ہے۔سید بازل علی نقوی نے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہر حال میں اپنے نظریے اور جڑوں سے جڑے رہنا چاہیے ۔

انہوں نے واضح کیا کہ مرحوم سید علی گیلانی نے زندگی بھر جس نظریے کی شمع روشن رکھی، آج آزاد کشمیر کا بچہ بچہ اسی نظریے پر قائم ہے۔ کشمیری عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہمارے درمیان کوئی دوری پیدا نہیں کر سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔ کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان کی محبت کو اپنے سینے سے لگائے رکھا ہے اور ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں پیپلز پارٹی مضبوط قوت ہے،آئندہ حکومت ہماری ہوگی ،بازل نقوی

ان کا مزیدکہنا تھا کہ ہماری بقاء اور خوشحالی پاکستان کی مضبوطی سے جڑی ہوئی ہے، اور ہم مل کر اپنے خطے کی ترقی اور امن کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔