کینیڈا کی حکمران جماعت لبرل پارٹی نے مارک کارنے کو نیا سربراہ منتخب کرلیا ہے جس کے بعد وہ جلد وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جگہ سنبھالیں گے جبکہ پارٹی انتخابات میں انہیں واضح اکثریت حاصل ہوئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبرل پارٹی کے اندرونی انتخابات میں مارک کارنے نے 85.9 فیصد ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جس کے بعد اب وہ آئندہ دنوں میں کینیڈا کے وزیر اعظم کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے لیے تیار ہیں۔مارک کارنے نے اپنی کامیابی کے بعد خطاب میں کہا کہ کینیڈا کو درپیش چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے وہ ملکی خودمختاری کا دفاع کریں گے۔
یاد رہے کہ جنوری میں وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ لبرل پارٹی کے نئے سربراہ کے انتخاب کے بعد وہ وزارت عظمیٰ چھوڑ دیں گے۔
53 سالہ جسٹن ٹروڈو نے 2015 میں کینیڈا کی وزارت عظمیٰ سنبھالی تھی اور مسلسل تین انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ ان کے دور حکومت میں مختلف داخلی اور خارجی چیلنجز کا سامنا رہاتاہم وہ ایک دہائی تک ملک کی قیادت کرتے رہے۔