مظفرآباد (نیوز ڈیسک): آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سمیت ریاست بھر میں کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی جانے والی احتجاج اور پہیہ جام ہڑتال کی کال بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔
عوامی سطح پر اس کال کو مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا ہے، جس کے بعد تمام اضلاع میں زندگی کا نظام اور کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق رواں دواں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، مظفرآباد، میرپور، راولاکوٹ، کوٹلی اور دیگر تمام چھوٹے بڑے شہروں میں صبح سے ہی تمام تجارتی مراکز، شاپنگ مالز اور بازار روزمرہ کی طرح کھلے رہے۔
پبلک اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹ سڑکوں پر گامزن ہے جبکہ سرکاری و نجی دفاتر اور تعلیمی اداروں میں بھی حاضری معمول کے مطابق دیکھی گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:500 رائفل مین کی حقیقت اور پرامن احتجاج کا دعویٰ کالعدم کمیٹی کا چہرہ بے نقاب ہوگیا،طلال چوہدری
رپورٹس کے مطابق، عوام نے احتجاجی کال کو نظرانداز کرتے ہوئے امن اور ترقی کا ساتھ دیا ہے۔
کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے حساس مقامات پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
تاہم کہیں سے بھی کسی احتجاج یا ہنگامہ آرائی کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔مقامی تاجروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ خطے میں مزید کسی قسم کے انتشار یا معاشی نقصان کے حق میں نہیں ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ کے اطراف میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا پڑاؤ، گھروں میں کھانے پینے کے سامان کی قلت، چور اُچکوں نے دکانیں لوٹنا شروع کردیں
شہریوں کا کہنا ہے کہ امن و امان کا تسلسل ہی آزاد کشمیر کے مفاد میں ہے۔ آزادکشمیر کسی بھی بدامنی کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہر مسئلے کا حل مذاکرات سے ہی ممکن ہوسکتا ہے ۔
انتظامیہ نے صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



