آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری آزادکشمیر کو ایک اہم مکتوب ارسال کیا ہے، جس میں انتخابات 2026 کے آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدار انعقاد کے لیے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنانے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔
مظفرآباد سے کشمیر ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق، آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری کو بھیجے گئے مکتوب کے متن میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں، امیدواران اور انتظامیہ کو الیکشن سے متعلق قوانین پر عملدرآمد کا ہر صورت پابند کیا جائے۔ مکتوب میں زور دیا گیا ہے کہ انتخابات سے متعلق جاری کردہ تمام ہدایات پر سرکاری حکام اور انتظامیہ سختی سے عملدرآمد کرے تاکہ انتخابی عمل کی شفافیت پر کوئی حرف نہ آئے۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ ضابطہ اخلاق اور کمیشن کے احکامات پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر الیکشن میں مزید 3سیاسی جماعتوں کی انٹری، رجسٹریشن کرالی
تبادلوں، تقرریوں پر پابندی اور ریاستی وسائل کے استعمال کا ضابطہ:
مکتوب کے متن میں سرکاری حکام کے لیے سخت ترین گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الیکشن شیڈول کے جاری ہونے کے بعد انتظامیہ یا کوئی بھی سرکاری حکام کسی بھی آسامی پر نئی تقرری یا افسران کے تبادلے اور تبدیلی سے مکمل گریز کریں۔ اس کے علاوہ مکتوب میں ریاستی وسائل کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے بھی واضح احکامات دیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ ریاستی وسائل کو کسی بھی ایسے طریقے یا اس طرح سے استعمال نہ کیا جائے جس سے جاری انتخابی عمل پر کسی بھی قسم کا اثرانداز ہونے کا اندیشہ ہو۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ ہر صورت صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن بنانا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔




