آزادکشمیر الیکشن میں مزید 3سیاسی جماعتوں کی انٹری، رجسٹریشن کرالی

مظفرآباد:آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے مزید 3سیاسی جماعتوں پاکستان نظریاتی پارٹی آزادجموں وکشمیر، پاکستان مسلم لیگ آزادجموں وکشمیر اور تحریک جوانان پاکستان جموں وکشمیر کورجسٹرڈ کر لیا۔

اب الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد 19 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:الیکشن کمیشن کا چیف سیکرٹری کو مکتوب، ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم

ترجمان آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے دستاویزات مکمل ہونے پر تین مزید سیاسی جماعتوں پاکستان نظریاتی پارٹی آزادجموں وکشمیر، پاکستان مسلم لیگ آزادجموں وکشمیر، تحریک جوانان پاکستان جموں وکشمیرکو بھی رجسٹرڈ کر لیا ہے۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن کے ایکشن پلان کے مطابق سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن کے لئے 30 مئی 2026 آخری تاریخ مقرر کی گئی تھی تاہم بعد ازاں مزید سیاسی جماعتوں کو قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے رجسٹریشن کا موقع فراہم کرنے کے پیش نظر اس مدت میں 10جون 2026 تک توسیع کر دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان الیکشن،پیپلزپارٹی کے سب سے زیادہ ووٹ، آزادامیدواروں کا دوسرانمبر

پریس ریلیز کے مطابق وہ تمام سیاسی جماعتیں جو آزاد جموں وکشمیر الیکشنز ایکٹ 2020 کے تحت مقررہ شرائط اور قانونی معیار پر پورا اترتی ہیں اپنی درخواستیں مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ 10 جون 2026 تک آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن میں جمع کروا سکتی ہیں۔

الیکشن کمیشن آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابی عمل کے انعقاد کے لئے تمام قانونی تقاضے بر وقت مکمل کرنے اور انتخابی نظام کو مزید مضبوط و مؤثر بنانے کے لئے پرعزم ہے۔