سیکیورٹی

مظفرآباد سے پولیس، رینجر اور سیکیورٹی اداروں کے تازہ دم دستے راو لاکوٹ بھیجنے کی تیاری

کیا راولا کوٹ کے مضافات میں آج بھی کوئی آپریشن ہونے والا ہے؟ مظفرآباد سے پولیس رینجرز اور سیکیورٹی اداروں کے دستوں کی راولا کوٹ بھیجنے کی تیاریوں کی اطلاعات آرہی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد سے پولیس اور رینجرز کے ساتھ سیکیورٹی اداروں کے ہزاروں تازہ دم دستے راولا کوٹ بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پولیس، رینجرز اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے اور انہیں راولاکوٹ روانہ کرنے کے انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں ۔

دوسری جانب ذرائع سے یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی پرتشدد احتجاج کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے احتجاج میں شریک افراد کی نگرانی اور ان کے ڈیٹا کی چھان بین کا عمل شروع کر دیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:راولا کوٹ : پولیس اہلکاروں پر حملے، لاش کی بے حرمتی کی ویڈیو منظرعام پر

ذرائع کے مطابق جدید تکنیکی ذرائع بشمول موبائل میپنگ اور جیوفینسنگ کے ذریعے احتجاجی سرگرمیوں میں شریک افراد کی نشاندہی کی جا رہی ہے اور ان کا مکمل ریکارڈ مرتب کیا جا رہا ہے ۔

اطلاعات کے مطابق سیکیورٹی ادارے لانگ مارچ اور پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث افراد کی فہرستیں تیار کر رہے ہیں، تاکہ ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے افراد کے خلاف مختلف انتظامی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے جن میں کریکٹر سرٹیفکیٹ کی معطلی، ای سی ایل میں شمولیت، پاسپورٹ کی بندش اور موبائل سمز کی معطلی جیسے اقدامات شامل ہو سکتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفر آباد پولیس کا کریک ڈائون،پے درپے کارروائیاں،بڑے ملزمان گرفتار

ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ریاستی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ پرتشدد سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف ہرصورت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔