سماہنی (کشمیرڈیجیٹل) تحصیل سماہنی ضلع بھمبرآزاد کشمیرسے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق آزاد کشمیر کے غیور اور باشعور عوام نے پاکستان اور اس کی مسلح افواج کیساتھ اپنی غیر مشروط محبت اور یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔
مقامی رہنما کامران خالق کی قیادت میں ایک بہت بڑی اورپُرامن عوامی ریلی نکالی گئی ، جس میں نوجوانوں، بزرگوں اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی ۔
سڑکوں پر نکلنے والے مظاہرین کے ہاتھوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم تھے اور فضا ’’پاکستان زندہ باد او ر پاک فوج و پاک فضائیہ زندہ باد ‘‘کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی ۔
اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام اور پاکستان کا رشتہ دل اور جان کا ہے، جسے کسی بھی قیمت پر کمزور نہیں کیا جا سکتا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق کا ایک سال مکمل ،جہلم ویلی پاک فوج زندہ باد ، پاکستان پائندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا
ریلی کے منتظمین اور شرکاء نے پاک فوج کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملکی دفاع اور سلامتی کیلئے ہمیشہ اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عوامی سیلاب نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ یہی جموں و کشمیر کے غیور عوام کا اصل اور سچا بیانیہ ہے ۔
ریلی کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہوا کہ علاقے کے چند سادہ لوح افراد ابتدا میں انڈین ایکشن کمیٹی اور دیگر بیرونی ایجنڈوں پر کام کرنے والے عناصر کے بہکاوے میں آ گئے تھے اور ان کے احتجاج کا حصہ بنے۔
تاہم، جیسے ہی ان کشمیریوں پر مذکورہ گروہوں کے ملک دشمن عزائم، اصل ایجنڈا اور مشکوک مقاصد واضح ہوئے، انہوں نے فوراً ان سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:باغ ، عوامی دست و بازو پارٹی کی ریلی،سبز ہلالی پرچموں کی بہار،پاک فوج زندہ باد کے نعرے
وہ تمام لوگ انڈین ایکشن کمیٹی کو چھوڑ کر واپس اپنے گھروں کو لوٹ آئے اور اب پاکستان کے حق میں نکالی جانے والی اس یکجہتی ریلی کا حصہ بن کر اپنے وطن سے وفاداری کا ثبوت دے رہے ہیں ۔




