جاوید بٹ

ن لیگ کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے : جاوید بٹ

مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل) آزاد کشمیر کے سابق وزیرِ حکومت جاوید بٹ نے موجودہ سیاسی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی انتخابی حکمتِ عملی پر سخت تنقید کی ہے ۔

اپنے ایک تازہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا اصل چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے اور وہ صرف اقتدار کی خاطر موقع پرستی کی سیاست کر رہی ہے ۔

انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب مہاجرینِ جموں و کشمیر مسلم لیگ (ن) کے ساتھ نہیں تھے تو اس جماعت کے قائدین اور سربراہان روزانہ مہاجرین کو بُرا بھلا کہتے تھے اور ان پر تنقید کے نشتر چلائے جاتے تھے ۔

تاہم اب ن لیگ کو یہ احساس ہو چکا ہے کہ پنجاب میں مہاجرین کی مخصوص نشستیں حاصل کیے بغیر ان کے پاس اقتدار کا کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا، اسی لیے اب وہ صبح و شام مہاجرین کی سیٹوں کے گن گا رہے ہیں اور ان سے ہمدردی کے جھوٹے بھاشن دے رہے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سرکاری گاڑی کی واپسی، جاوید بٹ کا ردعمل آگیا، بڑا دعویٰ کردیا

سابق وزیر نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ تقسیم اور نفرت کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے مقامی آبادی اور مہاجرین کے درمیان دوریاں پیدا کیں، ان کو آپس میں لڑوایا اور اس سیاسی آگ کے ذریعے اپنے مفادات حاصل کیے ۔

اب وہی ن لیگ ایک بار پھر مہاجرین کے آسرے پر کشمیر میں ناکام الیکشن جیتنے کا خواب دیکھ رہی ہے اور اپنی ماضی کی غلطیوں سے پتلی گلی سے نکلنے کی ناکام کوششوں میں مصروف ہے ۔

جاوید بٹ نے ن لیگ کو شدید آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جب آزاد کشمیر انتہائی مشکل دور سے گزر رہا تھا اور ہمارے پولیس، رینجرز اور فوج کے جوان امن و امان کے قیام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے شہید ہو رہے تھے ۔

اس وقت بھی ن لیگ کو ملکی سلامتی یا عوام کی فکر نہیں تھی، بلکہ وہ اپنے سیاسی فائدے کے لیے ٹکٹیں بانٹنے میں مصروف تھی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مہاجرین کو بلیک میل کرنا بند کیا جائے، ان کا جائز حق دیا جائے : جاوید بٹ

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر کے عوام اب باشعور ہو چکے ہیں، ن لیگ جہاں بھی جائے گی، عوام انہیں ووٹ دینے کے بجائے ان کی پالیسیوں پر شدید ردِعمل اور ملامت کا نشانہ بنائیں گے ۔