سوشل میڈیا پر مسلم لیگ ن کے ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے خبریں جعلی ہیں،ترجمان

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ نے امیدواروں کو ابھی تک کوئی ٹکٹ جاری ہوئے نہ ہی امیدواروں کا اعلان ہوا۔

ترجمان مسلم لیگ ن کی جانب سے پریس ریلیز میں کہا گیا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں نوازشریف نے ابھی تک پارٹی ٹکٹ جاری کرنے کی کوئی منظوری نہیں دی ۔ اس حوالے سے چلنے والے خبریں جھوٹی اور من گھڑت ہیں ۔

مسلم لیگ ن ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے ٹکٹ کے حوالے سے جاری ہونے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، کارکن کسی خبر پر کان نہ دھریں ، ابھی کسی حلقے کا ٹکٹ جاری نہیں ہوا ہے ۔

ترجمان مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے قائد میاں نوازشریف کی منظوری کا پارٹی قیادت کو بھی علم نہیں ، آزادکشمیر کے اعلیٰ عہدیدار بھی اس خبر سے ابھی تک نابلد ہیں ۔ تو یہ کیسے ممکن ہوگیا کہ امیدواروں کو علم نہیں اور سوشل میڈیا پر اس کی خبریں گردش کررہی ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شوکت نواز میر اور اس کا ٹولہ ایکسپوز ہوچکا،بھارتی ایماء پر ریاست مخالف مہم چلا رہا ہے ،عبدالحمید لون

اس سے قبل سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ قائد مسلم لیگ نوازشریف کی جانب سے مسلم لیگ ن آذاد کشمیر کے جنرل الیکشن کیلئے ڈڈیال۔لچھراٹ مظفرآباد اور کوٹلی سٹی کے علاوہ تمام ٹکٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔۔

سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں میں کہا گیا تھا کہ آزادکشمیر کے بعض حلقہ جات کے پارٹی ٹکٹ ابھی جاری نہیں کئے اس حوالے سے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کیساتھ مشاورت جاری ہے ۔

ان جعلی خبروں کے مطابق پہلے مرحلے میں ماضی میں پارٹی ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لینے والے نامور عہدیداروں کے ناموں کی منظوری دی ، تاہم بعض حلقوں میں اختلافات کے باعث مشاورتی عمل جاری ہے ۔