لاہور(کشمیر ڈیجیٹل) لاہور کے مصروف ترین تجارتی علاقے رنگ محل کے نجی بینک کے دو ملازمین بینک آئے شہری سے 5 کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شہری کو لوٹنے کا واقعہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے مصروف تجارتی علاقے رنگ محل کے علاقے میں قائم نجی بینک میں پیش آیا جس کے اپنے ملازمین ملوث نکلے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:لاہور ہائیکورٹ: جمعہ اور ہفتے کی چھٹی ختم، نوٹیفکیشن جاری
پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے حوالے سے نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک شہری اپنی 5 کروڑ روپے کی نقدی بینک میں جمع کروانے کیلئے پہنچا۔ تو بینک ملازمین کے ہتھے چڑھ گیا۔
بینک کاؤنٹر پر موجود ملازمین نے شہری سے یہ رقم وصول کی اور اسے جمع کروانے کا یقین دلایا تاہم رقم ملتے ہی دونوں ملازمین 5 کروڑ کی بھاری رقم لے کر موقع سے فرار ہو گئے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد پولیس کا ڈرائیونگ لائسنس سسٹم پیپراور کیش لس بنانے کا اعلان
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کا آغاز کردیا۔ پولیس نے جدید سسٹم کے ذریعے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے گرفتار ملزم سے 3کروڑ روپے بھی برآمد کر لئے۔
قانون نافذ کرنے والے ادارے تاحال مفرور دوسرے ساتھی کی گرفتاری کیلئے چھاپے مار رہے ہیں جبکہ بینک انتظامیہ نے بھی واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ۔



