اسلام آباد پولیس کا ڈرائیونگ لائسنس سسٹم پیپراور کیش لس بنانے کا اعلان

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی سہولت اور جدید نظام کے نفاذ کیلئے اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے طریقہ کار میں بڑا اور اہم انقلابی قدم اٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے لائسنس کے تمام مراحل کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرتے ہوئے نظام کو مکمل طور پر پیپر لیس اور کیش لیس بنا دیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز بند، ایران نے بحرین ، اردن ، کویت میں امریکی اہداف کو نشانہ بناڈالا

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کیلئے سہولت پیدا کرنا اور سرکاری خدمات کو تیز، شفاف اور آسان بنانا ہے۔ یہ پیشرفت آئی جی اسلام آباد اور چیف ٹریفک پولیس افسر محمد سرفراز ورک کی قیادت میں عمل میں لائی گئی ۔

اسلام آباد پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس نظام کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت شہریوں کو اب ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے اضافی دستاویزات یا فوٹو کاپیاں ساتھ لانے کی ضرورت نہیں ہوگی شہری صرف اپنا اصل قومی شناختی کارڈ پیش کرکے لائسنس کے حصول کے مراحل مکمل کر سکیں گے۔

مزید برآں فیسوں کی ادائیگی کے طریقہ کار کو بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس کر دیا گیا ہے، درخواست گزار اب بینکنگ ایپس، موبائل والٹس اور دیگر ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے موقع پر ہی فیس ادا کر سکیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وائس چیئرمین فرینڈز آف کشمیر عبدالحمید لون کا آزادکشمیر کی صورتحال پر برطانوی پارلیمنٹرینز کو خط ارسال

حکام کے مطابق یہ اقدام نہ صرف کرپشن کے امکانات کو کم کرے گا بلکہ شہریوں کے وقت اور وسائل کی بچت میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس اس سے قبل چالان کی ادائیگی کے نظام کو بھی کیش لیس کر چکی ہے، جس کے بعد یہ ایک اور بڑا قدم ڈیجیٹل گورننس کی سمت میں پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے۔