اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ موسمیات نےآزادکشمیر سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں 11 سے 13 جون کے دوران آندھی، تیز ہواؤں، گرج چمک کیساتھ بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا۔
پی ڈی ایم اے نے بھی ممکنہ خراب موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ۔11 جون کی شام یا رات سے مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ داخل ہوگا جو 13 جون تکجاری رہے گا۔
اس موسمی نظام کے باعث پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بارش، آندھی اور گرج چمک کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر کے علاقوں مظفر آباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، پونچھ اور میرپور میں تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت، اسکردو، دیامر، استور، غذر اور ہنزہ میں بارش کے ساتھ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ سمیت وسطی پنجاب کے مختلف اضلاع بھی اس موسمی سلسلے کی لپیٹ میں آسکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرگودھا، خوشاب، بھکر، لیہ، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا میں دیر، سوات، چترال، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارشوں کا امکان ہے، جبکہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کرم، خیبر، باجوڑ، مہمند اور اورکزئی کے اضلاع میں بھی موسم کی شدت بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شرپسندوں کیخلاف طاقت کا استعمال کیا جائے ،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی ہدایت
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سمیت ژوب، زیارت، بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی اور خضدار میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
ادارے نے کاشتکاروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی زرعی سرگرمیاں ترتیب دیں، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں شہریوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ آندھی اور گرج چمک کے دوران کمزور عمارتوں، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔




