پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں بڑی انتظامی اور کوچنگ سطح پر تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
ذرائع کے مطابق سابق کپتانوں اور تجربہ کار کرکٹرز کو اہم ذمہ داریاں سونپے جانے پر غور کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد قومی ٹیم کی کارکردگی میں بہتری لانا بتایا جا رہا ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز یونس خان کو پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بنانے کا امکان ہے ۔ اس کیساتھ ساتھ انہیں قومی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بھی بنایا جا سکتا ہے تاکہ ٹیم کے انتخاب اور حکمت عملی میں ان کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جا سکے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سوریا کمار یادیو نے کپتانی سے ہٹائے جانے پر خاموشی توڑ دی
سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ کو پی سی بی میں ڈائریکٹر کرکٹ (انٹرنیشنل) کی ذمہ داری دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ ان کے لیے یہ بھی ممکن ہے کہ انہیں قومی سلیکشن کمیٹی میں بھی شامل کیا جائے تاکہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کے معاملات اور ٹیم سلیکشن کے عمل میں کردار ادا کر سکیں ۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق قومی ٹیسٹ ٹیم کے موجودہ کوچ سرفراز احمد اور کپتان شان مسعود کو ان کی ذمہ داریوں سے ہٹائے جانے کا امکان ہے ۔ تاہم یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ سرفراز احمد پاکستان شاہینز کے ساتھ اپنی موجودہ ذمہ داریاں بدستور انجام دیتے رہیں گے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا کیخلاف سیریز کےدوران استعمال ہونیوالی پچز آسان نہیں تھیں : شاہین آفریدی
واضح رہے کہ یہ تمام اطلاعات تاحال غیر مصدقہ ہیں اور پی سی بی کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔ حتمی فیصلے سامنے آنے کے بعد ہی صورتحال واضح ہو سکے گی کہ کن کھلاڑیوں یا سابق کرکٹرز کو کون سی ذمہ داریاں دی جاتی ہیں ۔



