ملک بھر میں بنیادی غذائی ضرورت آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صوبائی دارالحکومت کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ حالیہ دستاویزات کے مطابق مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمتیں نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق ملک میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2800 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ کراچی کے شہری اس وقت ملک بھر میں سب سے زیادہ مہنگا آٹا خرید رہے ہیں جہاں 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 2800 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب پشاور میں بھی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، جہاں مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت بڑھ کر 2750 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک میں مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار 4.07 فیصد اضافہ، آٹا، چینی، ایل پی جی اور دالوں کی قیمتوں میں کمی
ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2733 روپے تک ہو گئی ہے، جبکہ جڑواں شہر راولپنڈی میں شہریوں کو 20 کلو آٹے کا تھیلہ 2707 روپے میں دستیاب ہے۔ اسی طرح کوئٹہ اور بنوں میں بھی آٹے کی قیمتوں میں یکساں اضافہ ہوا ہے اور وہاں 20 کلو آٹے کا تھیلہ 2700 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
صوبہ سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2600 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ خضدار اور لاڑکانہ میں شہریوں کو 2400 روپے ادا کرنے پڑ رہے ہیں۔ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلہ 2350 روپے، گوجرانوالہ میں 2333 روپے اور اولیاء کی سرزمیں ملتان میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2267 روپے تک ہو چکی ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں اس وقت 20 کلو آٹے کا تھیلہ 2250 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔



