اسلام آباد:وفاقی حکومت اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی آزاکشممیر کے مابین آج مظفر آباد پی سی ہوٹل میں اہم مذاکرات ہوں گے جس کیلئے وفاقی وزراء رانا ثنااللہ ، طارق فضل چوہدری مظفر آبا دروانہ ہوگئے ہیں ۔
پیپلزپارٹی کے رہنما وسابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ گزشتہ رات مظفر آبا دپہنچ چکے ہیں جبکہ وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام گلگت بلتستان ہونے کے باعث مذاکرات میں شریک نہیں ہوسکیں گے۔
ٰیہ بھی پڑھیں: عوامی ایکشن کمیٹی،حکومت پاکستان مذاکرات، چیف سیکرٹری نے تمام فریقین کو دعوت نامہ جاری کر دیا
مذاکرات کی میزبانی چیف سیکرٹری آزادکشمیر کرینگے اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے نمائندے بھی مذاکرات میں شریک ہوں گے ، مذاکرات میں بڑی پیشرفت متوقع ہے کیونکہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے 9جون کو احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔
چیف سیکرٹری کی جانب سے جاری مراسلہ میں مذاکرات کا وقت دن 11بجے رکھا گیا تھا ،ذرائع کے مطابق وفاقی وزراء کے کچھ دیر میں پہنچنے پر مذاکرات شروع ہوں گے۔
مذاکرات میں مہاجرین جموں وکشمیرکی نشستوں سے متعلق بھی فیصلہ لیا جا سکتا ہے ،وفاقی وزراء کا کہنا ہے کہ جس قدر ممکن ہواکشمیری عوام کو ریلیف دینے اور معاملہ حل کرنے کی کوشش کرینگے۔
یہ بھی پڑھیں:ایکشن کمیٹی سے مذاکرات : سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور قمر زمان کائرہ مظفرآباد پہنچ گئے
حکومتی اور انتظامی سطح پر اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ مذاکرات کا مقصد کشیدگی کو کم کرنا اور باہمی اعتماد کی فضا کو بحال کرنا ہے ۔ سیاسی و انتظامی حلقوں کے مطابق یہ مذاکرات خطے میں جاری صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ۔
اُمید کی جا رہی ہے کہ فریقین سنجیدگی کے ساتھ بات چیت کے ذریعے کسی مثبت نتیجے تک پہنچ سکیں گے ۔ اجلاس کے آغاز کے ساتھ ہی آئندہ کی صورتحال کا انحصار فریقین کے رویے اور مذاکراتی عمل میں پیشرفت پر ہوگا ۔




