اسلام آباد: سرکاری دستاویزات کے مطابق وفاقی حکومت نے گزشتہ 2برسوں کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں ریکارڈ 2 ہزار 725 ارب روپے وصول کیے۔
اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2024 سے مارچ 2026 کے درمیان پیٹرولیم لیوی کے ذریعے مجموعی طور پر 2 ہزار 725 ارب روپے جمع کیے گئے۔ جو ملکی معیشت کے تناظر میں ایک غیر معمولی مالی اضافہ قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عید سے قبل پیٹرولیم قیمتوں میں 6 ،6 روپے کمی کا اعلان،نوٹیفکیشن جاری
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ یہ مجموعی وصولی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے دونوں قرض پروگرامز کے مجموعی حجم سے بھی زیادہ ہے۔ جن کی مالیت موجودہ شرح تبادلہ کے مطابق تقریباً 2 ہزار 340 ارب روپے بنتی ہے۔
حکام کے مطابق صرف جاری مالی سال کے پہلے 9 ماہ یعنی جولائی 2025 سے مارچ 2026 تک پیٹرولیم لیوی کی مد میں ایک ہزار 205 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹیکس شارٹ فال: آئی ایم ایف کا پیٹرولیم قیمتوں کا بوجھ صارفین پر منتقل کرنے کا مطالبہ
اسی طرح مالی سال 25-2024 میں حکومت نے اس مد میں تقریباً 1,220.21 ارب روپے جمع کیے، جبکہ اپریل سے جون 2024 کی سہ ماہی میں 299.63 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کی صورت میں حاصل ہوئے۔
دستاویزات کے مطابق ایندھن پر عائد ٹیکسوں سے حکومتی آمدن میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔



