بلاول اور آصفہ کا دورہ گلگت بلتستان،8انتخابی جلسوں کا شیڈول جاری

گلگت:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور رکن قومی اسمبلی بی بی آصفہ بھٹو زرداری گلگت بلتستان میں انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے، جہاں مجموعی طور پر8انتخابی جلسے منعقد کیے جائیں گے۔

انتخابی جلسوں کے حوالے سے جاری شیڈول کے مطابق چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 31 مئی کو شگر میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گے، جبکہ یکم جون کو وہ خپلو میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان: جماعت اسلامی کے امیدوار مسلم لیگ ن کے حق میں دستبردار

2 جون کو سکردو میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا جلسہ منعقد ہوگا، جبکہ 3 جون کو وہ دیامر میں انتخابی مہم جاری رکھیں گے۔

اسی روز بی بی آصفہ بھٹو زرداری ہنزہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کریں گی۔ 4 جون کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری غذر میں جلسہ کریں گے، جبکہ بی بی آصفہ بھٹو زرداری نگر میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گی۔

انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں 5 جون کو گلگت میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا بڑا انتخابی جلسہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان الیکشن،24نشستوں کیلئے 403امیدوار میدان میں کود پڑے،8خواتین بھی شامل

یاد رہے کہ گلگت بلتستان اسمبلی کی24نشستوں پر 7جون کو پولنگ ہوگی جس کیلئے 403امیدوار میدان میں موجود ہیں ،پیپلزپارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی، ایم ڈبلیو ایم، اسلامی تحریک اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کے علاوہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت کے دورہ گلگت بلتستان کا بھی امکان ہے لیکن ابھی تک شیڈول سامنے نہیں آسکا ہے،وزیرامور کشمیر وگلگت بلتستان امیر مقام اور کیپٹن صفدر دورے کرچکے ہیں ، ذرائع کے مطابق یکم جون کے بعد ن لیگ کے صدر میاں نوازشریف بھی جلسوں سے خطاب کریں گے۔

گلگت بلتستان کے الیکشن میں ابھی تک کسی پارٹی نے منشورکا اعلان نہیں کیا جبکہ پولنگ کو چند دن ہی باقی رہ گئے ہیں۔