آزاد جموں و کشمیر کے شہر میرپور کی انتظامیہ نے عید الاضحیٰ کے مذہبی تہوار کے پیش نظر قربانی کے جانوروں کو ذبح کرنے اور گوشت کی کٹائی و تیاری کے لیے قصابوں کی سرکاری اجرت مقرر کر دی ہے۔ سب ڈویژنل مجسٹریٹ اور پرائس کنٹرول کمیٹی میرپور کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ باضابطہ نوٹیفکیشن کے مطابق، حدود سب ڈویژن میرپور میں عید الاضحیٰ کے موقع پر بکرے، دنبے اور دیگر چھوٹے جانوروں کے وزن کے حساب سے قصابوں کی دو مختلف کیٹیگریز میں اجرت مقرر کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے تحت 25 کلوگرام تک وزن کے چھوٹے جانور کے لیے 3000 روپے جبکہ 40 کلوگرام تک وزن کے جانور کے لیے 3500 روپے فی جانور اجرت طے کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحیٰ: پنجاب حکومت کا 4 چھٹیوں کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری
بڑے جانوروں کے لیے قصابوں کی سرکاری اجرت:
دوسری جانب، گائے، بیل اور دیگر بڑے جانوروں کو ذبح کرنے اور گوشت کی تیاری کے لیے وزن کے لحاظ سے تین مختلف سلیب بنائے گئے ہیں۔ سرکاری نرخ نامے کے مطابق 02 من تک وزن کے بڑے جانور کی اجرت 8000 روپے، ساڑھے 03 من تک وزن کے جانور کی اجرت 10000 روپے جبکہ ساڑھے 03 من سے زائد وزن کے بڑے جانور کے لیے 12000 روپے فی جانور سرکاری اجرت مقرر کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: کوئٹہ چمن پھاٹک کے قریب جعفر ایکسپریس میں دھماکہ، 3 ایف سی جوانوں سمیت 14 افراد شہید
شہریوں کے لیے شکایات سیل اور رابطہ نمبرز:
اسٹنٹ کمشنر و سب ڈویژنل مجسٹریٹ میرپور نے واضح کیا ہے کہ عید کے دنوں میں مقررہ نرخوں سے زائد اجرت وصول کرنے والے قصابوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے انتظامیہ نے ہیلپ لائن نمبرز جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت کسی بھی شکایت کی صورت میں میونسپل مجسٹریٹ میرپور (03400748870)، تحصیلدار میرپور (03025829389) یا نائب تحصیلدار میرپور (03006312497) سے فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔




