ساجد حسین

نیلم ویلی: ساجد حسین ، حبیب اللہ بٹ جماعت اسلامی کے امیدوار نامزد،نوٹیفکیشن جاری

نیلم(بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے امیر ضلع ساجد حسین کو حلقہ لوئر نیلم سے آئندہ قانون ساز اسمبلی الیکشن کیلئے امیدوار نامزد کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر مشتاق احمد خان نے ساجد حسین کے نام کا باقاعدہ اعلان کر دیا ،جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے آئندہ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کیلئے ضلع نیلم کے دو اہم حلقوں سے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا۔

امیر جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے لوئر نیلم سے ساجد حسین افغانی جبکہ اپر نیلم سے حبیب اللہ بٹ کو جماعت اسلامی کا امیدوار نامزد کرنے کا باضابطہ اعلان کیا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بھارت کی آبی جارحیت، سلالہ ڈیم کھول دیا، دریائے چناب میں سیلاب کاخدشہ، الرٹ جاری

ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہا کہ جماعت اسلامی دیانتدار، باصلاحیت اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار قیادت کو آگے لانے پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی نے ہمیشہ اصولی سیاست کو فروغ دیا ہے۔

نیلم ویلی کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی، ناقص سڑکوں، صحت و تعلیم کے مسائل، بے روزگاری، بجلی کی لوڈشیڈنگ اور مواصلاتی نظام کی کمزوری جیسے سنگین مسائل کا شکار ہیں۔

مگر ماضی کی حکومتیں عوامی توقعات پر پورا اترنے میں ناکام رہی ہیں۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آ کر علاقے کی پسماندگی کے خاتمے، نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی، سیاحت کے فروغ، صحت و تعلیم کے بہتر نظام اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لیے عملی اور دیرپا اقدامات کرے گی۔

جماعت اسلامی خطے میں صاف، شفاف اور عوام دوست سیاست کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام جماعت اسلامی کے امیدواروں کو کامیاب بنا کر ایک مثبت تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایران کی آبنائے ہرمز سے گزرنےوالی فائبرآپٹک کیبلز اجازت سے مشروط کرنے کی دھمکی

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور کشمیری عوام کے حقوق کی جنگ ہر فورم پر لڑی ہے۔ساجد حسین افغانی اور حبیب اللہ بٹ نے اس موقع پر پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔

ساجد حسین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ عوامی خدمت، میرٹ اور دیانتداری کی سیاست کو فروغ دینے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ انتخابی مہم کے دوران گھر گھر جا کر جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں، عوام کو دیانتدار قیادت کے انتخاب کی اہمیت سے آگاہ کریں ۔۔

نوجوانوں کو پارٹی منشور سے روشناس کروائیں۔اس موقع پر مقامی کارکنان اور رہنماؤں نے نامزد امیدواروں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے بھرپور انتخابی مہم چلانے کے عزم کا اظہار کیا۔