ٹریفک حادثہ

کوٹلی میں ٹریفک حادثہ، نوجوان لڑکی مریم موقع پر جاں بحق ، 8زخمی

کوٹلی(کشمیر ڈیجیٹل) کوٹلی آزاد کشمیر کے نواحی علاقے پناگ شریف سرانڈلہ میں ایک انتہائی افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک ڈبل ڈور “ڈون” ماڈل گاڑی بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری ۔

حادثے کے وقت گاڑی میں تقریباً آٹھ افراد سوار تھے جو کسی مقامی تقریب سے واپس آ رہے تھے۔ حادثہ پیش آتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ مقامی افراد نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں نوجوان لڑکی مریم دختر لطیف موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی ۔ حادثے میں 8 افراد زخمی ہوئے جن میں حافظ نجیب اور دلاور لطیف کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مظفرآباد، ٹریفک حادثہ، آئی جی لیاقت علی ملک موقع پر پہنچ گئے، زخمی ہسپتال منتقل

دونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد بہتر علاج کے لیے راولپنڈی ریفر کر دیا گیا ہے ۔ ان  کے علاوہ دیگر پانچ زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کوٹلی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔

عینی شاہدین کے مطابق گاڑی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوئی اور سڑک سے پھسل کر کئی فٹ گہری کھائی میں جا گری ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور مقامی شہری جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ۔

زخمیوں کو مشکل حالات میں کھائی سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا ۔ واقعے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی فضا قائم ہے جبکہ اہل علاقہ نے افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کمیپ کالونی گلپور میں ٹریفک حادثہ، کنڈیکٹر جاں بحق، متعدد زخمی

مقامی سماجی و سیاسی شخصیات نے جاں بحق ہونے والی لڑکی کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے ۔