سردار عتیق

سردار عتیق کا دورہ نیلم ، سینکڑوں کارکنان اور عوام کی جانب سےانکا پُرتپاک استقبال

نیلم (کشمیر ڈیجیٹل) صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان دورہ نیلم کے دوران شیخ بیلہ پہنچ گئے جہاں سیکرٹری جنرل تحصیل شاردہ ارشد ملنگی کی قیادت میں سینکڑوں کارکنان اور عوام نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ آزاد کشمیر میں آبادی کم ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کل اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر پر مذاکرات ہوں گے اور مسلم کانفرنس ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی علمبردار رہی ہے ۔

ان کا کہنا ہے کہ جو لوگ ماضی میں ہمارے مؤقف سے اختلاف کرتے تھے آج وہ بھی مسلم کانفرنس کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ جنرل مشرف نے بھی ریاستی جماعت مسلم کانفرنس کو اہمیت دی، جبکہ حالات اب تبدیل ہو چکے ہیں اور آئندہ حکومت مسلم کانفرنس کی ہوگی ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر الیکشن ،سردار عتیق خان کا تمام حلقوں میں اپنے امیدوار اتارنے کا اعلان

سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ کشمیر پر سودا بازی کی مخالفت کرنے پر مسلم کانفرنس کو کمزور کرنے کی کوشش کی گئی اور مختلف جماعتیں تشکیل دی گئیں جس سے ریاستی سیاست کو نقصان پہنچا ۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دورِ حکومت میں کابینہ کے اہم فیصلے نیلم اور کٹن میں کیے جاتے تھے تاکہ عوامی مسائل مقامی سطح پر حل ہو سکیں۔

اس موقع پر سابق وزیر حکومت شمیم علی ملک اور اُمیدوار اسمبلی عابد عندلیب بٹ نے بھی خطاب کیا ۔

مقررین کا کہنا تھا کہ حلقہ ایل اے 25 نیلم ون کے عوام مقامی امیدوار کو کامیاب بنائیں تاکہ حقیقی تعمیر و ترقی ممکن ہو سکے ۔

 مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر میں قبل ازوقت انتخابات، شیڈول کب آئیگا؟سردار عتیق نے بڑا دعویٰ کردیا

شمیم علی ملک نے کہا کہ آنے والی حکومت مسلم کانفرنس کے بغیر ممکن نہیں۔دورے کے دوران سابق اُمیدوار اسمبلی سردار عثمان عتیق سمیت متعدد پارٹی عہدیداران اور کارکنان بھی موجود تھے ۔