محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں تیز ہواؤں، شدید گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر شدید ژالہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے باعث متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور سندھ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران بیشتر علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے اور کچھ مقامات پر شدید ژالہ باری (اولے پڑنے) کی بھی توقع ہے جس سے کھڑی فصلوں اور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پتن میں 8 ملی میٹر اور پاڑہ چنار میں 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے جس کے بعد اب بارشوں کا یہ نیا سلسلہ مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر سمیت ملک میں آج کہاں کہاں بارش کا امکان ہے؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا
محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی سخت ہدایت کی ہے۔ مروجہ الرٹ کے مطابق شام کے اوقات میں پشاور، صوابی، مردان، نوشہرہ اور چارسدہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ شانگلہ، کالام، سوات، دیر، چترال اور بونیر میں تیز ہواؤں اور صاعقہ کے ساتھ بادل برسیں گے۔ اس کے علاوہ کوہستان، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ اور ہری پور میں شدید ترین موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ باجوڑ، مہمند، اورکزئی، خیبر، کوہاٹ، کرم، ہنگو، کرک، لکی مروت، پاڑہ چنار اور وزیرستان میں بھی طوفانی ہوائیں چلنے اور بادل گرجنے کے امکانات واضح ہیں۔
این ڈی ایم اے نے اپنے الرٹ میں ایک اور بڑے خطرے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ملک میں مسلسل ہونے والی ان بارشوں اور درجہ حرارت میں بتدریج اضافے کے باعث بالائی علاقوں میں گلیشیئرز تیزی سے پگھل سکتے ہیں۔ گلیشیئرز کے پگھلنے سے پہاڑی جھیلوں کے پھٹنے، اچانک سیلابی ریلے (فلیش فلڈز) آنے اور مٹی کے تودے گرنے (لینڈ سلائیڈنگ) کے شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ حکومتی اداروں نے مروجہ موسمی حالات کو مانیٹر کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ اور ہنگامی خدمات کے اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کا حکم دیا ہے۔




