لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر میں کاروباری سرگرمیوں پر عائد تمام پرانی پابندیاں یکسر ختم کرتے ہوئے مارکیٹوں کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد رات 8 اور 10 بجے دکانیں لازمی بند کرنے کا جھنجھٹ مکمل طور پر ختم ہو گیا ہے جس سے شہریوں اور تاجروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ تصدیقی بیان کے مطابق لاہور میں طویل عرصے سے نافذ العمل مکمل لاک ڈاؤن کا اب باقاعدہ خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ نئے احکامات کے تحت مارکیٹوں کے اوقات کار پر لگائی گئی تمام تر پابندیاں اب برقرار نہیں رہیں گی۔ ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ لاہور کی تمام چھوٹی بڑی مارکیٹیں اب دن اوررات یعنی 24 گھنٹے کھلی رہ سکیں گی اور سابقہ مروجہ قوانین کے مطابق رات 8 بجے اور 10 بجے دکانیں بند کرنے کی سخت پابندی کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر:مارکیٹیں رات 8 بجے بند ،مظفرآباد انٹراسٹی پبلک ٹرانسپورٹ مفت کرنے کا اعلان
حکومت کی جانب سے تاجر دوست پالیسی کے تحت جہاں عام بازاروں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے، وہیں شادی ہالز کے حوالے سے پرانی پالیسی کو برقرار رکھا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں قائم شادی ہالز کو صرف رات 10 بجے تک ہی کھلے رکھنے کی اجازت ہوگی اور ان پر اس وقت کی پابندی کا اطلاق بدستور قائم رہے گا۔ دوسری جانب کاروباری برادری نے حکومت کے اس کاروبار دوست فیصلے کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے اور اسے موجودہ معاشی صورتحال میں ایک بہترین اور مثبت قدم قرار دیا ہے۔
حکومتی اور انتظامی فیصلے کے بعد لاہور بھر میں شاپنگ سینٹرز، تجارتی مراکز اور روایتی بازار معمول کے مطابق کھل سکیں گے۔ مارکیٹوں کے اوقات میں اس بڑے پیمانے پر دی جانے والی نرمی سے شہر کی تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔ اس فیصلے کی بدولت عام شہریوں کو بھی اب رات گئے تک شاپنگ کرنے کی بہترین اور وسیع سہولت میسر ہوگی۔ حکومت کی جانب سے اس کاروبار دوست پالیسی پر باقاعدہ عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ لاہور میں رات گئے تک کاروباری سرگرمیاں جاری رہنے سے شہر کا معاشی پہیہ مزید تیز رفتاری سے گھومے گا۔



