آزادکشمیر سمیت ملک میں آج کہاں کہاں بارش کا امکان ہے؟محکمہ موسمیات نے بتا دیا

محکمہ موسمیات کے مطابق آج آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات بارش کے علاوہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے،جبکہ جنوبی اور وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے تاہم شام یا رات کے اوقات میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی بارش اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر اور بالائی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی

لاہور، فیصل آباد، ملتان اور پنجاب کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم رہے گا جبکہ جنوبی پنجاب میں گرمی کی شدت زیادہ محسوس کی جائے گی۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ اندرون سندھ خصوصاً جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ اور نواب شاہ میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز اور پانی کا زیادہ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔

خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا تاہم بالائی علاقوں بشمول چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مانسہرہ میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بعض مقامات پر بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کلاؤڈ برسٹ یا بادل پھٹنا کسے کہتے ہیں؟وجوہات کیا ہوتی ہیں؟

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ جنوبی اور مشرقی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ اور گردونواح میں موسم نسبتاً خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے دوران ملک کے شمالی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں جبکہ جنوبی علاقوں میں نسبتاً خشک موسم کی پیشگوئی بھی کی ہے۔