ہائی کورٹ آزاد جموں و کشمیر کے سینیئر جج جسٹس سید شاہد بہار مورخہ 12 مئی 2026 کو بطور قائم مقام چیف جسٹس ہائی کورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی یہ پروقار تقریب کل صبح 11 بجے منعقد ہوگی۔
واضح رہے کہ ہائی کورٹ کے موجودہ چیف جسٹس، جسٹس سردار لیاقت شاہین ایکس پاکستان رخصت پر جا رہے ہیں۔ ان کی عدم موجودگی کے دوران سینیئر جج جسٹس سید شاہد بہار قائم مقام چیف جسٹس کے طور پر عدالتی و انتظامی فرائض انجام دیں گے۔ حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے ان کی اس عہدے پر تعیناتی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے، تاہم اس پر قانونی عملدرآمد کل حلف اٹھانے کے بعد شروع ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: عوامی ایکشن کمیٹی اور وفاقی وزراء کے مابین مذاکرات کا اہم دور شروع
کل منعقد ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں اعلیٰ عدالتی و انتظامی حکام، ممتاز سیاسی شخصیات، وکلاء برادری کے نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کی بڑی تعداد میں شرکت متوقع ہے۔ حلف اٹھانے کے بعد جسٹس سید شاہد بہار فوری طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔




