معرکہ حق میں پاک افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی :صدر زرداری

اسلام آباد میں پاکستان مونومنٹ پر “آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔

تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، مسلح افواج کے سربراہان، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور وفاقی وزرا سمیت اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے شرکت کی ۔ مختلف ممالک کے سفرا، سول و عسکری حکام اور شہدا کے اہل خانہ بھی تقریب میں موجود تھے۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد پاک فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور سلامی پیش کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی عالمی امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ بن سکتی ہے ، صدر زرداری

صدر مملکت آصف علی زرداری نے تقریب سے مرکزی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری دن ہے اور بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان کا ردعمل ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی اور بھارت نے بلا اشتعال حملوں کے دوران شہری آبادی اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا ۔

صدر نے کہا کہ پاک فضائیہ اور پاک فوج نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں بھارتی طیاروں کو نقصان پہنچا۔ ان کے مطابق مسلح افواج کے جوانوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا اور ان کی قربانیاں اور خدمات قابلِ تحسین ہیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:اللہ تعالیٰ نے ’’معرکہ حق‘‘ میں ہمیں عظیم فتح سے سرخرو کیا : وزیر اعظم شہباز شریف

انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک حل طلب تنازع ہے اور پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ اسی طرح پاکستان فلسطینی عوام کی غیر مشروط حمایت کے مؤقف پر قائم ہے۔
صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے راستے پاکستان میں ہونے والی مبینہ بھارتی دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔

Scroll to Top