بیجنگ میں بڑی عالمی سفارتی بیٹھک: صدر شی جن پنگ کی ٹرمپ، پوٹن اور شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں متوقع

چین رواں ماہ مئی کے آخری دو ہفتوں میں عالمی سفارت کاری کا مرکز بننے جا رہا ہے جہاں چینی صدر شی جن پنگ بیجنگ میں دنیا کے طاقتور ترین رہنماؤں کا استقبال کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں عالمی کشیدگی، مشرقِ وسطیٰ کی ابھرتی ہوئی صورتحال اور اہم دوطرفہ امور پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی جس پر پوری دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادی میر پوٹن اور پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ ہفتے بیجنگ پہنچیں گے جہاں ان کی ملاقاتوں کا بنیادی مرکز تجارت اور اقتصادی تعلقات ہوں گے، تاہم چینی قیادت ان کے ساتھ مشرقِ وسطیٰ خصوصاً ایران کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرے گی۔ دوسری جانب روسی صدر کے ساتھ ملاقات میں عالمی تزویراتی شراکت داری پر بات ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: چین کا بڑا اقدام: سڑکوں پر ٹریفک کنٹرول کرنے کے لیے روبوٹ اہلکار تعینات

وزیراعظم شہباز شریف کا دورہِ چین:

وزیراعظم شہباز شریف بھی مئی کے آخری حصے میں ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ بیجنگ پہنچیں گے۔ اس اہم دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور دیگر کابینہ کے اہم وزرا بھی شامل ہوں گے۔ اس دورے میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے اور دفاعی و معاشی تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی جائے گی۔

مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور چین کا سفارتی کردار:

ذرائع کے مطابق ان تمام دوروں کے اگرچہ اپنے اپنے دوطرفہ ایجنڈے ہیں، لیکن ایران کے خلاف حالیہ کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ کی سنگین صورتحال ان تمام ملاقاتوں کا مرکزی موضوع رہے گی۔ چین خطے میں بڑھتے ہوئے تناؤ کے تناظر میں اپنے سفارتی کردار کو مزید فعال بنا رہا ہے تاکہ عالمی امن و استحکام کو برقرار رکھا جا سکے۔ بیجنگ کی ان سرگرمیوں کو عالمی سیاست میں ایک بڑے توازن کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:معرکۂ حق : جی ایچ کیو میں آج پُروقار تقریب، فیلڈ مارشل اہم خطاب کریں گے

Scroll to Top