ٹرمپ

4 جولائی تک تجارتی معاہدہ کرو ورنہ زیادہ ٹیرف کا سامنا کرنا پڑیگا ، ٹرمپ کا یورپی یونین کو الٹی میٹم

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 4 جولائی تک امریکا کیساتھ نیا تجارتی معاہدہ طے نہ پایا تو یورپی مصنوعات پر عائد ٹیرف میں نمایاں اضافہ کر دیا جائے گا ۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ بیان یورپی کمیشن کی صدر سے ہونیوالی بات چیت کے بعد اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو امریکا کے ساتھ تجارتی معاملات جلد حل کرنا ہوں گے بصورت دیگر سخت اقتصادی اقدامات کیے جائیں گے ۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا اپنی 250ویں سالگرہ سے قبل اس معاہدے کو حتمی شکل دینا چاہتا ہے ۔ صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر مقررہ مدت تک معاہدہ نہ ہو سکا تو یورپی یونین کی برآمدات پر ٹیرف فوری طور پر بڑھا دیے جائیں گے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان نے شاندار کردار ادا کیا، ایران نے جلد معاہدہ نہ کیا تو سخت جواب دینگے، ٹرمپ

ان کا کہنا تھا کہ امریکا اپنے تجارتی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا اور ایسے معاہدے قبول نہیں کیے جائیں گے جو امریکی معیشت یا مقامی صنعتوں کیلئے نقصان دہ ہوں ۔ دوسری جانب یورپی یونین کے رکن ممالک اور قانون ساز ادارے مجوزہ معاہدے کی مختلف شقوں پر تاحال اتفاق رائے پیدا نہیں کر سکے ۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اس صورتحال کے باعث دونوں فریقین کے درمیان تجارتی کشیدگی مزید بڑھنے کا امکان ہے ۔ ماہرین اقتصادیات کا کہنا ہے کہ اگر امریکا نے یورپی مصنوعات پر مزید ٹیرف عائد کیے تو اس کے اثرات عالمی تجارت پر بھی پڑ سکتے ہیں ۔

خاص طور پر گاڑیوں، مشینری اور صنعتی مصنوعات کی تجارت متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ مودی سے ناراض،چین کبھی نہیں چاہے گا کہ پاکستان بھارت سے جنگ ہارے، بھارتی تجزیہ کار پراوین ساہنی

یاد رہے کہ چند روز قبل بھی صدر ٹرمپ نے یورپ سے امریکا درآمد کی جانے والی کاروں اور ٹرکوں پر ٹیرف بڑھا کر 25 فیصد کرنے کا اعلان کیا تھا، جس پر یورپی رہنماؤں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔

Scroll to Top