پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما ،وزیر حکومت چوہدری محمد رشید کی مسلم لیگ(ن)میں شمولیت کے بعدپیپلزپارٹی کی حکومت کو شدید جھٹکا لگا ہے اورساتھ ہی مزید پنچھیوں کی اڑان کا امکان بھی پیدا ہو گیا ہے۔
چوہدری محمد رشید جنہوں نے اپنی سیاست کا آغاز بیرسٹر گروپ سے کیا اور بیرسٹر گروپ کیساتھ ہی آخری وقت تک رہے، اب ان کی اکیلے میں مسلم لیگ( ن)میں شمولیت نے کئی سوال جنم لئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرحکومت آزادکشمیر چوہدری محمد رشید عہدے سے برطرف
سابق صدر، وزیراعظم بیرسٹر سلطان محمود آزادکشمیرکے واحد سیاستدان تھے جن کا اسمبلی میں ہر بارتگڑا گروپ ہوتا تھا،بیرسٹر گروپ کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کے بعد ہی پیپلزپارٹی کی حکومت قائم ہوئی ہے۔
بیرسٹر گروپ کے ارکان میں 6ممبران اسمبلی شامل تھے جن میں چوہدری یاسر سلطان،چوہدری ارشد حسین، چوہدری محمد رشید، سردار محمد حسین، چوہدری محمداخلاق اور فہیم ربانی شامل تھے۔
بیرسٹر گروپ کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھورسے شروع میں اختلافات بھی سامنے آئے تھےاور ڈپٹی کمشنر میرپور کے تبادلے پر یاسر سلطان نے اعتراض کیا تھا جس پر ڈپٹی کمشنر ساجد اسلم کا تبادلہ واپس میرپور کیا گیاتھا۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھورکی جانب سے گروپ کو راضی کرنے کیلئے یاسر سلطان اور چوہدری محمد رشید کو اضافی وزارتیں بھی دی گئی تھیں اس کے باوجود چوہدری رشید کی اڑان اس بات کا اشارہ ہے کہ مزید پنچھی پھر گھونسلا تبدیل کرسکتےہیں۔
میرپور میں یاسر سلطان کے حلقہ میں سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے فرزند چوہدری معیز مجید بھی الیکشن مہم چلا رہے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے تنظیمی سازی بھی اپنی پسند کی ہے جس پر یاسر سلطان تشویش میں مبتلا ہیں۔
میرپورشہر کے حلقہ میں وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید بھی مداخلت کررہے ہیں تاکہ اپنے بھائی کو مضبوط کیا جاسکے، قاسم مجید اور ان کے خاندان کےپی پی قیادت سے بھی اچھے مراسم ہیں جس پر بیرسٹر سلطان کے فرزند کو مشکلات درپیش ہیں۔
چوہدری یاسر سلطان کے حلقہ میں مسلم لیگ کےمضبوط امیدوار چوہدری محمدسعید موجود ہیں جو ماضی میں بیرسٹر سلطان محمود(مرحوم ) کو شکست دے چکے ہیں، یوں یاسر سلطان کی ن لیگ میں شمولیت کی خبریں سامنے آئی تھی لیکن یہ شمولیت ٹکٹ یقین دہانی نہ ہونے پر نہیں ہوسکی۔
یہ بھی پڑھیں: وسطی باغ میں سیاسی ہلچل، امتیاز طاہر واپس ن لیگ میں شامل ہو گئے
چوہدری محمد رشید کو لیپہ سے ٹکٹ کی یقین دہانی کرائی گئی ہے جبکہ وزیر تعلیم دیوان چغتائی بھی ن لیگ میں شمولیت کے خواہشمند تھے لیکن چوہدری رشید پہل کر گئے ہیں۔
آنے والے دنوں میں ممبر اسمبلی چوہدری اظہر صادق، سابق وزیر چوہدری شہزاد سمیت مزید کئی رہنمائوں کی ن لیگ میں شمولیت کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ چوہدری محمد رشید نے سیاست کا آغاز بیرسٹر سلطان محمود کی پارٹی پیپلز مسلم لیگ سے کیا اور ممبر اسمبلی اس کے بعد پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے اور الیکشن لڑکر کامیابی حاصل کی۔تیسرا الیکشن بھی پیپلزپارٹی کے ٹکٹ پر لڑا لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔
چوتھی بار پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی بعد ازاں فارورڈ بلاک میں شمولیت اختیار کی اور پھر دوبارہ پیپلزپارٹی میں شامل ہوئے ، آج یہ امید لگائے کہ ن لیگ کی حکومت بنے گی ن لیگ میں شامل ہو جائیں گے۔




