وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں ثابت ہوگیا پاکستان علاقائی سالمیت کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے۔
معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر مظفرآباد کے نڑول اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور نے کہاکہ گزشتہ برس بھارت نے مشکوک واقعے کو بنیاد پر پاکستان پر الزام تراشی کی اور پھر حملہ کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق میں دشمن نے فیصلہ کن صلاحیت کا مشاہدہ کیا، ہر مہم جوئی کا جواب پہلے سے زیادہ سخت ہوگا،پاک افواج
فیصل راٹھور نے کہاکہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن ہم اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، پاکستان علاقائی سالمیت کے لیے ہر حد تک جا سکتا ہے۔بھارت کی جانب سے خطے کا امن سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی۔
فیصل ممتاز راٹھور نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، جبکہ سفارتی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان آزاد کشمیر کو اپنے جسم کا حصہ سمجھتا ہے،پاکستان آزاد کشمیر کو ہر شعبے میں مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،، دفاعی سطح پر ہماری سرحدوں کی حفاظت، جدید نگرانی کے نظام اور خطرات سے نمٹنے کی تیاری یہ سب پاکستان کے مضبوط عزم کا مظہر ہے۔
یہ بھی پڑھیں:معرکہ حق، دارالحکومت مظفرآباد میں شاندار تقریب، شہریوں کی بڑی تعداد امڈ آئی
انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں بھارت نے کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو افواج پاکستان اور عوام اسکا جواب پہلے سے زیادہ طاقت سے دیں گے، دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو نہ صرف اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے بلکہ خطے میں امن کے قیام کیلئے بھی سنجیدہ کردار ادا کررہا ہے۔
فیصل راٹھور کا کہنا تھا کہ پاکستان اب صرف علاقائی طاقت نہیں بلکہ امت مسلمہ کی قیادت کیلئے مضبوط آواز بن کر ابھر رہا ہے۔
واضح رہے کہ معرکہ حق کا ایک سال مکمل ہونے پر مظفرآباد کے نڑول اسٹیڈیم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف اہم شخصیت نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:بھارت کی شکست کو ایک سال ، معرکۂ حق کی یاد میں قومی تقریب کا پرومو جاری
تقریب میں کلچرل شو بھی پیش کیا گیااور اس موقع پر معروف گلوکارہ آئمہ بیگ اور دیگر نے پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔تقریب کے دوران فضا پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔
شرکا نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ وطن عزیز پاکستان کو درپیش کسی بھی خطرے کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ثابت ہوں گے۔




